Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وفاقی کابینہ نے موٹرویز اور ایئر پورٹس گروی رکھنے کی منظوری دے دی

قبل ازیں ایف نائن پارک کو گروی رکھ کر صکوک بانڈز جاری کرنے کی سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کی گئی تھی
پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ’کابینہ نے اسلامی بینکاری کے نظام کو فروغ دینے کے لیے اسلامی صکوک بانڈز اور اجارہ جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔‘  
منگل کو کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’کابینہ نے صکوک بانڈز کے اجرا کی وزارت خزانہ کی سمری کی مکمل منظوری دے دی ہے اور وزارت خزانہ اس میں مزید اثاثے بھی طے کر سکتی ہے۔‘ 

 

واضح رہے کہ وزارت خزانہ نے صکوک بانڈز کے اجرا کے لیے اسلام آباد پشاور موٹروے، پنڈی بھٹیاں فیصل آباد موٹر وے اور اسلام آباد ایکسپرس وے گروی رکھنے کی نشاندہی کی تھی جبکہ لاہور اور اسلام آباد کے ایئر پورٹس پر بھی صکوک بانڈز جاری کرنے کی منظوری مانگی گئی تھی جو کہ دے دی گئی ہے۔  
یاد رہے کہ اس سے قبل ایف نائن پارک کو گروی رکھ کر صکوک بانڈز جاری کرنے کی سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کی گئی تھی جو کہ وزیراعظم نے مسترد کرتے ہوئے وزارت خزانہ کو عوامی مقامات کے بجائے دیگر اثاثوں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی تھی۔  

’بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹنگ کے عمل میں لانا چاہتے ہیں‘ 

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت ہر صورت بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹنگ کے عمل میں لانا چاہتی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ’انتخابی اصلاحات کا عمل صرف اس (بیرون ملک پاکستانیوں) نقطے پر رکا ہوا ہے اور اپوزیشن سمجھتی ہے کہ بیرون ملک پاکستانی عمران خان کا ووٹر ہے اور اپوزیشن اوورسیز کو انتخابی عمل سے باہر رکھنا چاہتی ہے۔‘  
وزیر اطلاعات نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ ’بیرون ملک پاکستانیوں نے ریکارڈ زرمبادلہ عمران خان پر اعتماد کر کے بھیجا، بیرون ملک مقیم پاکستانی نوازشریف، شہباز شریف اور آصف زرداری پر اعتماد نہیں کرتے۔‘   

پاکستان کی وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ فائل فوٹو: اے پی پی

الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی اصلاحات پر اعتراض پر رد عمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ’ الیکشن کمیشن کا کام ہے پارلیمنٹ کے کام پر عملدرآمد کرے، آئین سے متصادم ہونے کا معاملہ سپریم کورٹ طے کرے گی۔ الیکشن کمیشن کا کام ہے جو قانون منظور ہوگا اس پر عملدرآمد کروائے۔ پارلیمنٹ سپریم ہے اور اگر پارلیمنٹ کا استحقاق مجروح ہوا تو پارلیمنٹ کسی کو بھی طلب کر سکتی ہے۔‘  
فواد چوہدی کے مطابق اس بار پاکستان میں گندم کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود ہم گندم درآمد کریں گے کیونکہ آبادی میں تیزی سے اضافیہ ہوا ہے اور تاریخی پیداوار کے باجود ہم در آمد کریں گے۔  

شیئر: