Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اہلیہ کی کفالت میں موجود افراد ملازمت کے لیے کفیل تبدیل کرسکتے ہیں؟

وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی سے رجوع کرنا ہوگا( فوٹو سیدتی) 
سعودی عرب میں غیر ملکیوں کے لیے اقامہ اور رہائشی قوانین واضح ہیں جن پرعمل کرنا سب کے لیے لازمی ہے۔ آجر اور اجیر کے حوالے سے بھی قوانین موجود ہیں ان سے آگاہی ضروری ہے۔
 ایک شخص نے استفسار کیا ہے کہ ’اقامہ تجدید کرانے کےلیے پاسپورٹ کارآمد ہونا ضروری ہے؟‘ 
 جوازات کا کہنا ہے کہ ’اقامہ کی تجدید کے لیے پاسپورٹ کا کارآمد ہونا لازمی ہے کیونکہ پاسپورٹ کی ایکسپائری تاریخ کا اندراج جوازات کے سسٹم میں کیاجاتا ہے۔ اگرپاسپورٹ کی مدت ختم ہوگی تو اقامہ تجدید نہیں کیاجاسکے گا‘۔ 
واضح رہے قانون کے مطابق غیر ملکی کارکنوں کے اقامے جوازات کے سسٹم میں سالانہ بنیاد پرتجدید کیے جاتے ہیں جبکہ پاسپورٹ کی مدت پانچ یا دس برس ہوتی ہے۔ 
جوازات کے سسٹم میں ہرکارکن کا مکمل ڈیٹا محفوظ ہوتا ہے جس میں کارکن کے پاسپورٹ کی تفصیلات شامل ہوتی ہیں۔ 
پاسپورٹ ایکسپائر ہونے پرجوازات کا سسٹم اقامہ تجدید کی کارروائی کو مکمل نہیں کرتا جب تک پاسپورٹ تجدید نہ کرایا جائے اقامہ تجدید نہیں ہوسکتا۔ 
پاسپورٹ تجدید کرانے کے بعد نئے پاسپورٹ کی تفصیلات جوازات کو فراہم کرنا لازمی ہیں جسے جوازات کے سسٹم میں فیڈ کیاجاتا ہے۔ 
نئے پاسپورٹ کی تمام تفصیلات جوازات کے سسٹم میں فیڈ کرنے کے بعد اقامہ تجدید کیا جاتا ہے۔  
 ایک اور شخص نے معلوم کیا ہے کہ ’ اہلیہ کے اقامہ پر بطور محرم مقیم ہوں اب جاب آفر ہوئی ہے کیا کفالت تبدیل کرسکتا ہوں؟ 

قانون کے مطابق مرافق اقامہ پر مقیم افراد کوئی کام نہیں کرسکتے( فوٹو سیدتی)

جوازات کا کہنا تھا کہ ’محرم کے طور پر اپنی اہلیہ کی زیر کفالت مقیم افراد کی کفالت تبدیلی کےلیے وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی سے رجوع کیاجائے‘۔ 
واضح رہے مملکت میں قانونی کے مطابق اگر خاتون ملازمت کے ویزے پر ہوں اور اپنے شوہر کو محرم کے طور پرمملکت میں بلاتی ہیں اس صورت میں شوہر کے اقامہ پر’مرافق‘ لکھا جائے گا۔ 
محرم کے اقامہ کی مد میں لیبر آفس کی فیس عائد نہیں ہوتی اور قانون کے مطابق مرافق اقامہ پرمقیم افراد کسی بھی قسم کا کام نہیں کرسکتے یعنی ملازمت نہیں کرسکتے۔ 
محرم کے اقامہ پرمقیم افراد کی کفالت کی تبدیلی کے لیے وزارت افرادی قوت سے اجازت لینا ہوتی ہے تاہم یہ حالات پرمنحصر ہوتا ہے اور ہر کیس کے بارے میں معاملہ مختلف ہوتا ہے۔  
ایک شخص نے جوازات سے سوال کیا کہ ’ مرافقین (اہل خانہ)  میں سے اگر کسی کا پاسپورٹ ایکسپائرہوتو اقامہ تجدید ہو سکتا ہے‘؟ 
جوازات کا کہنا تھا کہ ’مرافقین کے پاسپورٹ ایکسپائرہونے سے سربراہ خانہ کے اقامہ کی تجدید متاثر نہیں ہوتی۔ اقامہ تجدید ہوسکتا ہے‘۔ 
خیال رہے اقامہ قوانین کے مطابق سربراہ خانہ کے اقامہ پران کے زیر کفالت اہل خانہ ہوتے ہیں اس اعتبار سے۔ اگرکسی اہل خانہ یعنی مرافق کا پاسپورٹ ایکسپائرہوجائےتو اقامہ تجدید ہوسکتا ہے البتہ ’مرافقین‘ کے سفر کرنے کےلیے جب خروج وعودہ درکار ہوتا ہے تو وہ حاصل نہیں کیاجاسکتا کیوں کہ خروج وعودہ یعنی ایگزٹ ری انٹری کےلیے کارآمد پاسپورٹ کا ہونا لازمی امر ہے۔  

شیئر: