Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملازمت کے اختتام پر کارکنوں کو ملنے والے حقوق کا تعین کیسے؟

آخری لی جانے والی تنخواہ کے مطابق حساب کیا جاتا ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے مکافۃ نہایۃ الخدمۃ( ملازمت کے اختتام پر ملنے والے حقوق) شمار کرنے کا طریقہ کار جاری کیا ہے۔
سیدتی کے مطابق  وزارت افرادی قوت نے ویب سائٹ پر بیان میں کہا کہ ملازمت کے ابتدائی پانچ سالوں میں سے ہر سال کے حساب سے نصف تنخواہ اور اس کے بعد ہر سال پر ایک ماہ کی تنخواہ’ مکافۃ نہایۃ الخدمۃ‘ کے طور پر ملتی ہے- 
وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ نہایۃ الخدمۃ میں آخری لی جانے والی تنخواہ کے مطابق حساب کیا جاتا ہے۔
بیان میں وزارت افرادی قوت نے مزید کہا کہ ملازم کی آخری حقیقی کل تنخواہ کے مطابق حساب کیا جائے گا۔ اس سے مراد یہ ہے کہ تنخواہ میں ملنے والے الاؤنسز بھی شامل کیے جائیں گے۔ 
وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ قانون محنت کی دفعہ 85 میں ہے کہ اگر استعفے کی بنیاد پر ملازمت ختم ہوئی ہو تو ایسی صورت میں ملازم کو دو برس کی سروس کے بعد تہائی تنخواہ کا استحقاق حاصل ہوگا۔
یہ اصول سروس کا دورانیہ 5 برس کی مدت تک پر لاگو ہوگا جبکہ پانچ برس بعد نہایۃ الخدمۃ  کا استحقاق دو تہائی تک کا ہوگا۔ یہ اصول دس برس سے کم مدت کی سروس تک پر لاگو ہوگا تاہم اگر سروس کا دورانیہ دس برس یا اس سے زیادہ کا ہو تو ایسی صورت میں مکمل استحقاق حاصل ہوگا۔

شیئر: