نیہا ککڑ اور ٹونی ککڑ کا نیا گانا ’کینڈی شاپ‘، کے-پاپ کی نقالی کی کوشش؟
جمعرات 18 دسمبر 2025 10:20
کچھ صارفین نے میوزک ویڈیو کے بعض مناظر کو نامناسب قرار دیا ہے (سکرین گریب)
انڈین گلوکارہ نیہا ککڑ اور ان کے بھائی ٹونی ککڑ اپنے نئے گانے ’کینڈی شاپ‘ کی ریلیز کے بعد سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کر رہے ہیں۔
یہ میوزک ویڈیو 15 دسمبر کو ریلیز کی گئی تھی اور اس کی ریلیز کے دن سے ہی آن لائن صارفین کی جانب سے سخت ردعمل کا دیکھا گیا۔
سوشل میڈیا صارفین کی ایک بڑی تعداد نے گانے کے بول، ڈانس سٹیپس اور مجموعی انداز کو ناپسند کرتے ہوئے اسے غیر معیاری اور غیر ضروری طور پر اشتعال انگیز قرار دیا۔ بعض صارفین نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ گانے میں کے-پاپ (K-pop) طرز کی نقالی کی کوشش کی گئی، جو غیر مؤثر ثابت ہوئی۔
آن لائن تبصروں میں گانے کے ڈانس مووز اور اشاروں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ کچھ صارفین نے نیہا ککڑ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ حد سے زیادہ مختلف دکھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ متعدد تبصروں میں گانے کو ’کرنج‘ قرار دیا گیا اور یہ بھی کہا گیا کہ ٹونی ککڑ کے گانوں میں لفظوں کی تکرارحد سے بڑھ چکی ہے۔
کچھ صارفین نے میوزک ویڈیو کے بعض مناظر کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقبولیت کی دوڑ میں فنی اقدار کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق موسیقی کو توجہ حاصل کرنے کے لیے برانگیختہ مناظر پر انحصار نہیں کرنا چاہیے۔
تاہم اس تنقید کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر ایک طبقہ ایسا بھی موجود ہے جو نیہا ککڑ کے حق میں سامنے آیا ہے۔ ان کے حامیوں کا کہنا ہے کہ فنکاروں کو نئے تجربات کرنے کا حق حاصل ہے اور ہر نیا انداز لازماً سب کو پسند آئے، یہ ضروری نہیں۔
تاحال نیہا ککڑ یا ٹونی ککڑ کی جانب سے اس تنقید پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔ واضح رہے کہ نیہا ککڑ ماضی میں متعدد ہٹ گانوں کے باعث انڈین میوزک انڈسٹری کی نمایاں آوازوں میں شمار ہوتی رہی ہیں، جبکہ حالیہ برسوں میں ان کے گیتوں اور رقص کے انداز پر سوشل میڈیا پر خاصی بحث ہوتی رہتی ہے۔