Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانیہ، کینیڈا، یورپ سے براہ راست پروازوں میں 40 فیصد تک اضافے کا فیصلہ

این سی او سی کے مطابق بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے کورونا ٹیسٹنگ کا عمل جاری رہے گا۔ (فوٹو: شٹر سٹاک)
پاکستان نے برطانیہ، کینیڈا، یورپ، چین اور ملائیشیا سے براہ راست پروازوں میں  40 فیصد اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
نیشنل کمانڈر اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے بین الاقوامی ہوائی سفر کی پالیسی پر نظرثانی کردی گئی ہے۔
این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ دنیا کے مختلف خطوں میں کورونا کی صورتحال میں مجموعی بہتری اور ملک میں وبا کی صورتحال کے پیش نظر پاکستان نے بین الاقوامی پروازوں کو مرحلہ وار معمول پر لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں این سی او سی نے پاکستان آنے والے کورونا منفی مسافروں کے لیے گھروں میں قرنطینہ کی شرط ختم کر دی ہے۔
مراسلے کے مطابق پاکستان آنے والے کورونا مثبت مسافروں کے لیے گھروں میں قرنطینہ لازمی ہوگا۔ برطانیہ، کینیڈا، یورپ، چین، ملائیشیا سے براہ راست پروازوں میں 40فیصد اضافے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
این سی او سی کے مطابق بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے کورونا ٹیسٹنگ کا عمل جاری رہے گا۔
مراسلے کے مطابق مذکورہ فیصلوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔

شیئر: