Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شدید گرمی میں بھی ٹھنڈک کا احساس دلانے والا مقام، السودہ

’یہاں کی پہاڑی چوٹیاں بیشتر اوقات میں سفید دھند کی لپیٹ میں رہتی ہیں‘ ( فوٹو : العربیہ)
ان دنوں سعودی عرب کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں مگر کچھ مقامات ایسے بھی ہیں جو اپنے معتدل موسم اور آب و ہوا کی بدولت جنت نظیر کہلانے کے مستحق ہیں۔
 انہی میں سطح سمندر سے 3000 میٹر کی بلندی پر واقع کوہ سودہ کےعلاقے موسم بہار کی رونقوں کے ساتھ اپنے ٹھنڈے موسم کی وجہ سے مشہور ہیں۔ یہاں کی پہاڑی چوٹیاں ان ایام کے بیشتر اوقات میں سفید دھند کی لپیٹ میں رہتی ہیں۔

العربیہ نیٹ کے مطابق السودہ پہاڑ سعودی عرب کے جنوب مغرب میں واقع ہے جو گھنی دھند، بارش اور ٹھنڈے موسم کی وجہ سے مشہور ہے۔ اس علاقے کے معتدل موسم کی وجہ سے ملک بھر سے سیاح گرمیوں میں یہاں کھنچے چلے آتے ہیں۔
کوہ سودہ کے کئی گاؤں ہیں مگر مرکزی گاؤں کو ’وطن ام سودہ‘ کہا جاتا ہے۔ اس علاقے کے ٹوریسٹ گائیڈ عبداللہ شہرانی نے بتایا ہےکہ ’شمال میں ابہا کے العزیزہ گاؤں سے باحہ کے ربیعہ کے علاقوں کی چوٹیوں تک بلندی پرواقع ہر قصبے کو وطن ام سودہ ہی کا نام دیا جاتا ہے‘۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’جبال سودہ سعودی عرب کے بلند ترین پہاڑی مقامات میں سے ایک ہے جس کی سطح سمندر سے بلندی تین ہزار میٹر ہے۔ اس میں جبال العرعر سال بھر دھند کی لپیٹ میں رہتے ہیں اور ان کا موسم زیادہ تر ٹھنڈا رہتا ہے‘۔
الشہرانی کا کہنا تھا کہ ’جبال سودہ میں شاہ عبدالعزیز نیشنل ریزرو، السودہ نیشنل ریزرو، السودہ کیبل کار، تہامہ پر پھیلا لکڑی کا پل، السحاب ریزور، رید، محلات آل سراح، مسجد السقا سمیت کئی دوسرے اہم مقامات سیاحوں کی توجہ کا خاص مرکزرہتے ہیں‘۔

شیئر: