سعودی عرب کے سفیر کی پاکستان کے سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات
پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا (فوٹو: قومی اسمبلی)
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے ملاقات کی ہے۔
پیر کے روز پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر اظہار خیال کیا گیا۔
قبل ازیں سپیکر اسد قیصر اور دیگر حکومتی حکام سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کے پارلیمنٹ پہنچنے پر استقبال کیا۔
اس موقع پر سعوی سفیر نواف بن سعید المالکی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اسے اپنا مخلص دوست اور بھائی سمجھتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے پارلیمان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
سعودی سفیر نے سپیکر قومی اسمبلی کو یقین دلایا کہ سعودی عرب پاکستان میں سماجی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا۔
اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سعودی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی اور سماجی شعبوں میں تعاون کے فروغ سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
سپکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں جو باہمی اعتماد، ثقافت، بھائی چارے، تاریخ کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔