Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

والدین کی بڑی تعداد ویکسین کے لیے بچوں کا اندراج کرارہی ہے: وزارت صحت

وزارت صحت نے ویکسین کی حفاظت اور افادیت کی تصدیق کی ہے۔( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں صحت کے حکام نے کورونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے 12 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کو شامل کرنے کے لیے ویکسینیشن مہم کو بڑھایا ہے۔
والدین کی ایک بڑی تعداد سعودی وزارت کی توکلنا ایپ کے ذریعے اپنے بچوں کا اندراج کروا رہی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارت صحت نے اس ویکسین کی حفاظت اور افادیت کی تصدیق کر دی ہے۔
سعودی وزارت صحت نے یہ انتباہ بھی کیا کہ کوویڈ 19 کے انفیکشنز میں حال ہی میں اضافہ ہوا ہے جو بنیادی طور پر معاشرتی اجتماعات کے ذریعے پھیلتے ہیں۔
حکام نے شہریوں اور مقیمین سے سماجی فاصلے، ماسک پہننے اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات پر عمل پیرا ہونے کی پھر اپیل کی ہے۔
سعودی عرب میں کورونا کی وبا سے صحت یاب ہونے والے افراد کی شرح فی الحال 95.9 ہے۔
مملکت میں اب تک 17.6 ملین افراد کو کورونا ویکیسن کی خوراک دی جا چکی ہے جبکہ ملک کی 50 فیصد سے زیادہ آبادی کو کورونا ویکسین کی کم از کم ایک خوراک دی جا چکی ہے۔
سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک لاکھ 09 ہزار 199 پی سی آر ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد ملک میں کیے جانے والے ان ٹیسٹوں کی مجموعی تعداد 21.7 ملین سے زیادہ ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں اب تک چار لاکھ 87 ہزار 592 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے چار لاکھ 67 ہزار 633 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے جن میں سماجی فاصلے کا اصول انتہائی اہم ہے۔

شیئر: