Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی میں صرف ویکسینیشن کرائے افراد ہی شاپنگ مال جا سکیں گے

امارات میں حکام نے شہریوں کو بڑے پیمانے پر ویکسین لگانے کے لیے مہم شروع کر رکھی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی نے فیصلہ کیا ہے کہ سکولوں، مالز اور ریستوران جیسے کئی عوامی مقامات پر صرف ویکسینیشن کرانے والے افراد کو جانے کی اجازت دی جائے گی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کی کوششوں کے دوران ابوظبی حکام نے 20 اگست سے ویکسین لگانے والوں کو ہی عوامی مقامات تک رسائی دی جائے گی۔

 

حکام کے مطابق ایسے تمام افراد کو شاپنگ مالز، ریستوران، گروسری سٹورز، جِم اور کھیلوں کی سہولیات والے مقامات سے دور رکھا جائے گا جنہوں نے ویکسینیشن نہیں کرائی۔
ویکسین نہ لگوانے والے افراد کو پارکس، میوزیم، ہوٹل ریزارٹس، یونیورسٹی اور سکولوں میں داخلے کی اجازت بھی نہیں دی جائے گی تاہم کم رش والی جگہوں پر ایسے افراد جا سکیں گے۔
ابوظبی کی ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی کمیٹی نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ متحدہ عرب امارات کی کورونا وائرس سے نمٹنے کی حکمت عملی کے مطابق ہے۔
کمیٹی کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق 15 برس سے کم عمر بچوں اور ایسے افراد پر نہیں ہوگا جن کو ویکسینیشن سے استثنا حاصل ہے جن میں حاملہ خواتین اور طبی مسائل کا سامنا کرنے والے افراد شامل ہیں۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں حکام نے شہریوں کو بڑے پیمانے پر ویکسین لگانے کے لیے مہم شروع کر رکھی ہے۔
حکام نے اپریل میں شہریوں کو خبردار کیا تھا کہ جو افراد ویکسینیشن نہیں کرائیں گے ان کی نقل و حرکت محدود کر دی جائے گی۔
متحدہ عرب امارات میں کورونا سے اب تک ایک ہزار 807 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ وبا کی ابتدا سے تاحال چھ لاکھ 31 ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ کیے گئے۔

شیئر: