Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلپائن میں فوجی طیارہ گر کر تباہ، ہلاکتوں کی تعداد 45 ہو گئی

فلپائن کی فوج کے بیان کے مطابق ملبے سے 15 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
فلپائن میں فوجی طیارے کے حادثے میں ہلاک ہونے والے مسافروں کی تعداد 45 ہو گئی ہے۔ 
وزیر دفاع ڈلفن لورنزانا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حادثے میں 40 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سیکرٹری دفاع نے بتایا کہ سی 130 جہاز میں عملے سمیت 92 افراد سوار تھے جن میں سے زیادہ تر فوجی جوان تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹرانسپورٹ طیارہ لینڈنگ کے وقت رن وے سے دور ہٹ گیا تھا۔
قبل ازیں فلپائن کی فوج کے سربراہ نے کہا تھا کہ ملک کے جنوبی حصے میں ایک فوجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے جس میں 85 افراد سوار تھے۔
جنرل سیریلیتو سوبیجانا نے اے ایف پی کو بتایا کہ سی 130 طیارے کے جلتے ہوئے ملبے سے اب تک 40 افراد کو نکال کر بچا لیا گیا ہے۔ 
ان کے مطابق طیارہ سولو صوبے کے جولو جزیرے پر لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔ 
جنرل سوبیجانا نے بتایا تھا کہ ’ریسکیو سروس اس وقت طیارے کے ملبے کے قریب ہے اور ہم دعا کر رہے ہیں کہ مزید جانیں بچائی جا سکیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ طیارہ فوجی جوانوں کو لے کر جا رہا تھا اور اترتے وقت رن وے سے دور ہو گیا۔ جنرل سوبیجانا کے مطابق طیارے نے دوبارہ اوپر اٹھنے کی کوشش کی مگر کامیاب نہ ہوا۔

اے ایف پی کے مطابق فوجی طیارے میں سوار زیادہ تر مسافر حال ہی میں بنیادی ملٹری ٹریننگ سے پاس آؤٹ ہوئے تھے اور ان کو فلپائن کی مسلمان اکثریتی آبادی والے علاقے میں انسداد دہشت گری کی مشترکہ ٹاسک فورس میں بھیجا جا رہا تھا۔
فلپائن کے جنوبی علاقے میں فوج کی ایک بڑی تعداد موجود ہے جہاں عسکریت پسند گروپ سرگرم ہیں جن میں اغوا برائے تاوان کی کارروائیوں میں ملوث ابوسیاف بھی شامل ہے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں