Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد جاتے ہوئے بلاول بھٹو کے طیارے کی ملتان میں ہنگامی لینڈنگ

بلاول بھٹو پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے انتخابی مہم میں شرکت کے لیے اتوار کو واپس اسلام آباد جا رہے تھے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو کراچی سے اسلام آباد لے جانے والے خصوصی طیارے نے مبینہ فنی خرابی کے باعث ملتان ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔
ہنگامی لینڈنگ کے بعد بلاول بھٹو ملتان سے براستہ سڑک اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگئے۔ سندھ کے صوبائی وزرا سعید غنی اور ناصر شاہ بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
پارٹی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق کراچی سے اسلام آباد کے لیے اڑان بھرنے والے خصوصی طیارے میں مبینہ فنی خرابی کے باعث اسے اتوار کے سہہ پہر ملتان ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔
اطلاعات کے مطابق یہ ایک چارٹرڈ فلائٹ تھی جسے ملتان میں اتارا گیا، تاہم کسی قسم کی کوئی ہنگامی صورتحال پیدا نہیں ہوئی۔
اس کے بعد بلاول بھٹو اور ان کے ہمراہ دیگر افراد کے لیے براستہ سڑک اسلام آباد جانے کا انتظام کیا گیا۔ ان کا قافلہ ملتان کے قریب واقع شاہ رکن عالم انٹرچینج سے موٹروے پر چڑھا اور اسلام آباد کی طرف روانہ ہوگیا۔
اس سے قبل جنوری 2019 میں بلاول بھٹو کو لے اسلام آباد لے جانے والا طیارہ لینڈنگ کے وقت رن وے سے پھسل گیا تھا، تاہم تمام مسافر محفوظ رہے تھے۔
بلاول بھٹو اپنے والد سابق صدر آصف علی زرداری کی طبیعت ناسازی کی وجہ سے اسلام آباد سے کچھ دن قبل کراچی آئے تھے۔
وہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے انتخابات کی انتخابی مہم میں شرکت کے لیے اتوار کو واپس اسلام آباد جا رہے تھے۔
پیپلز پارٹی کے مطابق بلاول بھٹو سوموار سے کشمیر کے چار روزہ دورے کا آغاز کریں گے جس میں وہ چار مقامات پر جلسوں سے خطاب کریں گے۔
انتخابی مہم کے دوسرے مرحلے کا پہلا جلسہ سوموار کو میرپور ڈویژن کے ڈسٹرکٹ کوٹلی میں نکیال ایل اے 09 میں واقع کالج گراؤنڈ میں ہوگا۔

شیئر: