Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عید سے قبل پی آئی اے کی مشرق وسطیٰ کے لیے پروازوں میں اضافہ 

پی آئی اے نے خلیجی ممالک کے لیے پروازوں کی تعداد بڑھا کر 38 کر دی ہے۔ فوٹو اے ایف پی
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے بیرون ملک خصوصاً مشرق وسطیٰ میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے فضائی پروازوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔  
پی آئی اے نے متحدہ عرب امارات، قطر اور بحرین کے لیے اعلان کردہ 18 پروازیں بڑھا کر 38 کر دی ہیں۔ 
ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ نے اردو نیوز کو بتایا کہ بیرون ملک میں پھنسے پاکستانیوں کی ڈیمانڈ کو دیکھتے ہوئے عید الضحیٰ سے قبل پروازوں کی تعداد بڑھا دی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مسافروں کو وطن واپس لایا جا سکے۔  
ترجمان کے مطابق ’6 جولائی سے 18 جولائی تک دوحہ سے اسلام آباد کے لیے 14 پروازیں چلائی جائیں گے جس میں ساڑھے تین ہزار سے زائد مسافروں کو پاکستان واپس لایا جائے گا۔‘  
انہوں نے بتایا کہ ’متحدہ عرب امارات سے پاکستان کے لیے 20 پروازیں شیڈول کی گئی ہیں جس میں سے 6 لاہور، 4 کراچی اور 10 پروازیں اسلام آباد آئیں گی۔ یہ پروازیں 5 جولائی سے 16 جولائی کے درمیان چلائیں جائیں گی جبکہ ان پروازوں کے Zریعے 5 ہزار سے زائد مسافروں کو پاکستان لایا جائے گا۔‘
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ 4 پروازیں بحرین سے مسافروں کو لانے کے لیے شیڈول ہیں۔ 
ترجمان کے مطابق مسافروں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے نہ صرف پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے بلکہ ایئر بس کی جگہ بوئنگ طیارے کے ذریعے مسافروں کو لایا جائے گا تاکہ مسافروں کی تعداد زیادہ ہوسکے۔ 

عرب امارات سے پاکستان کے لیے 20 پروازیں شیڈول کی گئی ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

انہوں نے مزید بتایا کہ عید الضحیٰ سے قبل مسافروں کی تعداد اور مانگ کو دیکھتے ہوئے مزید اضافی پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔  
خیال رہے کہ گزشہ ہفتے غیر ملکی فضائی کمپنیوں کی جانب سے مبینہ طور پر اوور بکنگ کرائے جانے کے بعد متعدد پروازیں منسوخ کردی تھیں جس کے بعد بیرون ملک سے آنے والے بالخصوص خلیجی ممالک کے مسافروں کو مسائل کا سامنا ہے۔  
حکومت پاکستان اور سول ایوی ایشن ڈویژن نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے سرکاری فضائی کمپنی پی آئی اے کو اضافی پروازیں چلانے کی ہدایت کی تھی۔  
ابتدائی طور پر پی آئی اے نے متحدہ عرب امارات، قطر اور بحرین کے لیے 18 پروازیں چلانے کا اعلان کیا تھا جو کہ اب بڑھا کر 38 کر دی گئی ہیں۔  

شیئر: