Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایمریٹس ایئرلائن کی پاکستان سے پروازوں کی بندش میں 15 جولائی تک توسیع

کے مطابق جن لوگوں نے پہلے ہی ٹکٹ بک کروائے ہیں وہ انہیں مستقبل کی پرواز یا دوبارہ تاریخ کے لیے ری بک کراسکتے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ایمریٹس ایئرلائن نے پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا سے پروازوں کی بندش میں 15 جولائی تک توسیع کر دی ہے۔
اماراتی اخبار خیلج ٹائمز کے مطابق ایمریٹس ایئر لائن نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کی ہدایت پر کورونا وائرس کے پیش نظر پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا سے پروازوں کو معطل کرنے کا اعلان کردیا۔
ایئر لائن کے اعلامیے میں کہا گیا کہ گزشتہ 14 دنوں کے دوران تینوں ممالک کا سفر کرنے والے مسافروں کو کسی بھی مقام سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے لیے سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
بیان میں کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات کے شہری، گولڈن ویزا کے حامل اور سفارتی مشن کے اراکین جو کووڈ-19 کے پروٹوکول کی تعمیل کرچکے ہیں، انہیں پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
ایمریٹس کے مطابق جن لوگوں نے پہلے ہی ٹکٹ بک کروائے ہیں وہ انہیں مستقبل کی پرواز یا دوبارہ تاریخ کے لیے ری بک کراسکتے ہیں۔
گذشتہ ہفتے ایمریٹس نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان سے دبئی کے لیے پروازیں اگلے حکم تک معطل رہیں گی۔ خیال رہے امارات نے پہلی مرتبہ پاکستان سے مسافروں کی کسی مقامی یا بین الاقوامی پرواز کے ذریعے آمد پر پابندی 12 مئی کو لگائی تھی۔
سنیچر کو پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے ایمریٹس سمیت دوسرے ایئرلائنز کو اچانک پروازوں کی منسوخی کے باعث مسافروں کو پیش آنے والی تکلیف پر نوٹس جاری کیا گیا تھا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی ایمریٹس، قطر ایئر ویز، ترک ایئر لائن، امارات ایئر لائن، اتحاد ایئر ویز اور فلائی دبئی کو ہدایت کی تھی کہ وہ مسافروں کو کسی بھی دوسری ایئرلائن میں جگہ فراہم کریں ورنہ انہیں ہوٹل میں رہائش اور ہرجانے کی ادائیگی کی جائے۔
ایئرلائنز کو جاری نوٹس میں سی اے اے نے اچانک پروازوں کی منسوخی پر پاکستانی مسافروں کو ہونے والی پریشانی کا مسئلہ اٹھایا۔

شیئر: