Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خلیجی ممالک سے پاکستانیوں کی واپسی: مزید 18 پروازیں چلانے کا فیصلہ

اضافی پروازوں سے 6 ہزار سے زائد مسافروں کو وطن واپس لایا جائے گا۔ فائل فوٹو اے ایف پی
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے خلیجی ممالک سے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے 18 اضافی پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
ترجمان پی آئی اے نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’غیر ملکی پروازیں کی اچانک منسوخی کے باعث ہزاروں افراد کو مشکلات کا سامنا ہے جس کے باعث پی آئی اے نے متحدہ عرب امارات، قطر اور بحرین کے لیے اضافی پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
ترجمان کے مطابق ان اضافی پروازیں کے ذریعے 6 ہزار سے زائد مسافروں کو وطن واپس لایا جائے گا۔ 
ادھر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ ‏’بیرون ملک پاکستانیوں کو کچھ دنوں سے پاکستان آنے کے لیے پی آئی اے کی پروازوں کے شیڈول کے حوالے سے مشکلات کا سامنا تھا، وزیراعظم کی ہدایت پر وزیر سول ایوی ایشن غلام سرور خان نے پی آئی اے اور ایوی ایشن حکام سے تفصیلی ملاقاتوں کے بعد پروازوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کر دیا ہے۔‘ 
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ’متحدہ عرب امارات سے 5 سے 17 جولائی تک 10 پروازیں چلائی جائیں گی جبکہ قطر کے لیے 6 اور بحرین کے لیے دو پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘
خیال رہے کہ غیرملکی فضائی کمپنیوں کو مبینہ طور پر اوور بکنگ کے نتیجے میں 80 فیصد پروازیں منسوخ کرنا پڑی تھیں جس کی وجہ سے ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ 
پی آئی اے نے جمعے کے روز قطر کے لیے 2 جبکہ بحرین کے لیے ایئر بس کی جگہ بوئنگ طیارے کے ذریعے مسافروں کو واپس لانے کا اعلان کیا تھا۔
دریں اثنا وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر پی آئی اے کی پروازوں کو  ایئر بس سے بوئنگ 777 پر اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام سے چھ ہزار سے زائد اضافی مسافر دبئی، شارجہ، دوحہ اور بحرین سے پاکستان  سفر کر سکیں گے۔
وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا مزید کہنا تھا کہ عید سے پہلے تک اپ گریڈیشن سے متحدہ عرب امارات سے دو ہزار سے زائد مسافر پاکستان آسکیں گے۔

وزیر ہوابازی کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر پی آئی اے کی پروازوں کو ایئر بس سے بوئنگ 777 پر اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

دوسری جانب وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی اور مشرق وسطیٰ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر قطر، بحرین، اور متحدہ عرب امارات میں موجود پاکستانیوں کی واپسی کے لیے پی آئی اے کی پروازوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
طاہر اشرفی کی جانب سے سنیچر کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کی پرواز 3394 متحدہ عرب امارات، 2016 دوحہ سے اور 722 بحرین سے مسافروں کو پاکستان واپس لائے گی۔
طاہر اشرفی کے مطابق کورونا کی وبا کی وجہ سے عرب اسلامی ممالک نے سفری نظام میں تبدیلیاں کی ہیں، تاہم بیرون ممالک میں موجود پاکستانیوں کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب جانے والے پاکستانیوں کے مسائل کو بھی حل کیا جا رہا ہے۔

شیئر: