Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف کا ڈومیسائل میرے ڈومیسائل سے بہتر ہے: آصف علی زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا ڈومیسائل اُن کے ڈومیسائل سے بہتر ہے۔
بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ نواز شریف کو ملک واپس آنے کے حوالے سے کوئی مشورہ نہیں دیں گے۔
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے انتخابات کے نتائج کے سوال پر سابق صدر کا کہنا تھا کہ ’کشمیر میں جو ہمیشہ ہوتا ہے وہ ہوگا۔‘

 

جب ان سے پوچھا گیا کہ کشمیر میں ہمیشہ کیا ہوتا ہے تو ان کا جواب تھا کہ ’آپ کو نہیں پتا ہمیشہ کیا ہوتا ہے۔‘
جب آصف زرداری سے سوال کیا گیا کہ ماضی میں ان کی بھی پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں حکومت رہی ہے تو سابق صدر نے کہا کہ ان کی ایک جماعت ہے اور اس کی وہاں بنیادیں ہیں جو کشمیر کے لیے گزشتہ 50 برس سے لڑ رہی ہے۔
ان سے پوچھا گیا کہ تحریک انصاف کو کب تک اقتدار میں دیکھ رہے ہیں تو آصف زرداری نے کہا کہ ’پی ٹی آئی تو اقتدار میں نہیں ہے، آپ کو نظر آتی ہے؟‘
آصف زرداری سے پوچھا گیا کہ سابق وزیراعظم کو تو بیرون ملک علاج کے لیے جانے دیا گیا جبکہ اُن کو عدالت طلب کیا گیا اس پر کیا کہیں گے؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ ’ان کا ڈومیسائل مجھ سے بہتر ہے۔‘
سابق صدر سے سوال کیا گیا کہ ’آپ بیماری کے باوجود عدالت آ گئے، سابق وزیراعظم نواز شریف کو مشورہ نہیں دیں گے کہ وہ بھی آ جائیں؟‘
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ ’ہم کسی کو مشورہ نہیں دیں گے آنا چاہیں تو بسم اللہ، نہ آنا چاہیں تو ان کی مرضی۔‘
قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیویارک پراپرٹی کیس میں آصف علی زرداری کی 28 جولائی تک قبل از گرفتاری عبوری ضمانت منظور کی۔

شیئر: