Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یو اے ای نے افغانستان اور انڈونیشیا آنے جانے پر پابندی لگا دی

گذشتہ 14 روز میں افغانستان، انڈونیشیا کا سفر کرنے والے بھی یو اے ای میں داخل نہیں ہو سکیں گے (فوٹو: روئٹرز)
متحدہ عرب امارات نے افغانستان اور انڈونیشیا آنے جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یو اے ای کے حکام کی جانب سے سنیچر کو عائد کی جانے والی نئی سفر پابندیوں کا اطلاق اتوار سے ہو گا۔ جن لوگوں نے گزرے 14 روز کے اندر ان ممالک کا سفر کیا وہ بھی داخل نہیں ہو سکیں گے، تاہم ان ممالک کی ٹرانزٹ فلائٹس اس سے مستثنیٰ ہیں۔
اگرچہ فیصلے کے مطابق یو اے ای سے ان ممالک کی طرف سفر نہیں کیا جا سکتا تاہم سفارتی مشنز، ہنگامی میڈیکل کیسز، سرکاری وفود کے علاوہ مجاز معاشی اور سائنسی وفود کو استثنیٰ حاصل ہو گا۔
 یہ اعلان جنرل سول ایوی ایشن، نیشنل ایمرجنسی کرائسس اینڈ ڈیزاسٹرز مینیجمنٹ کے حکام کی جانب سے ریاستی نیوز ایجنسی وام کے ذریعے کیا گیا۔
خیال رہے یکم جولائی کو متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے جن 14 ممالک سے آمد پر پابندی لگائی تھی، وہاں کے سفر سے بھی منع کر دیا گیا تھا۔
الامارات الیوم نے اماراتی دفتر خارجہ کے حوالے بتایا کہ ان ممالک میں انڈیا، پاکستان، بنگلہ دیش، نیپال، سری لنکا، ویتنام، نمیبیا، زیمبیا، ڈیموکریٹک کانگو، یوگنڈا، سرالیون، لائبیریا، جنوبی افریقہ اور نائجیریا شامل ہیں۔
اس پابندی سے مذکورہ ممالک کے سفارت کار، ہنگامی علاج کے لیے مریضوں، سرکاری، تجارتی اور سائنسی وفود مستثنٰی تھے اور ہیں۔
اماراتی وزارت خارجہ نے اپنے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ وہ ممنوعہ ممالک کی فہرست سے خارج کسی بھی ملک کا سفر کرتے وقت تمام احتیاطی تدابیر کا خاص خیال رکھیں۔
سفر سے قبل بھی اور سفر کے دوران بھی اگر کسی ملک میں جانے کے بعد وائرس کا شکار ہوجائیں تو پہلی فرصت میں سفارتخانے کو مطلع کریں- متاثر شہریوں کو ضروری کارروائی کے بعد واپس لایا جائے گا۔
اماراتی دفتر خارجہ نے اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ سفر سے قبل ’خدمت تواجدی‘ میں اندراج ضرور کرالیں۔ ایسا کرنے سے انہیں سفر کے دوران ضروری مدد فوری فراہم کرنے میں آسانی ہوگی۔

 

شیئر: