Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی کی نظر بندی میں توسیع

سعد رضوی 12 اپریل 2021 سے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے محکمہ داخلہ نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ حافظ سعد رضوی کی نظر بندی میں 90 روز کی توسیع کر دی ہے۔
سعد رضوی کی نظر بندی میں توسیع کا فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ان کی نظر بندی کی سابقہ مدت ختم ہونے پر انہیں جیل سے رہا کیا جا سکتا تھا۔
اپنے والد خادم حسین رضوی کے انتقال کے بعد کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ مقرر کیے گئے سعد رضوی 12 اپریل 2021 سے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔
پولیس کی جانب سے نظربندی میں توسیع کے لیے دی گئی درخواست میں انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’ٹی ایل پی کی قیادت رہائی کی منتظر ہے تاکہ آئندہ کا لائحہ عمل طے کر سکے۔ خدشہ ہے کہ رہائی کے بعد حخومت مخالف تحریک شروع کر دی جائے۔‘
ایس ایس پی سیکیورٹی لاہور پولیس کی درخواست میں مختلف وجوہات کا ذکر کرنے کے بعد استدعا کی گئی ہے کہ ’شہر میں امن قائم رکھنے کے لیے موجودہ نظربندی کی مدت کے خاتمے سے متعلق ڈی آئی سی میٹنگ کی تجاویز کے مطابق اقدامات کیے جائیں۔‘
انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی جانب سے بھی امن عامہ سے متعلق معاملات اور گزشتہ احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے تجویز دی گئی تھی کہ کالعدم جماعت کے سربراہ کی نظربندی میں توسیع کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک کے دستخطوں سے جاری کردہ حکم نامے میں ہدایت کی گئی ہے کہ ’سعد حسین رضوی کو سینٹرل جیل لاہور میں 90 روز کے لیے قید رکھا جائے۔‘

شیئر: