Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلطان ہیثم کے دورے سے عمان-سعودی تعاون کے نئے راستے کھلیں گے

دونوں مملکتوں کے عوام کے درمیان تاریخی رشتے عرب ثقافت، روایات اور خلیج عرب کے مشترکہ ورثے کے ضامن ہیں۔ فائل فوٹو: ایس پی اے
دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے  ہیں۔
عمان کے سلطان کو اس دورے کی دعوت سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان نے دی ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان دلچسپی اور تعاون کے وسیع موضوعات پر گفتگو ہوگی۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب اور عمان کی حکومتوں کے مابین تعلقات نصف صدی سے مختلف امور میں تعاون، علاقائی و عالمی مسائل پر ایک دوسرے کو سمجھنے اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔
دونوں مملکتوں کے عوام کے درمیان تاریخی رشتے استوار ہیں جو عرب ثقافت، روایات اور خلیج عرب کے مشترکہ ورثے کے ضامن ہیں۔
سعودی عرب اور سلطنت عمان خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے بھی رکن ہیں جہاں دونوں مملکتیں تنظیم کے مشترکہ سٹریٹیجک مقاصد اور ویژن کے لیے کام کر رہے ہیں تاکہ رکن ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی اشتراک کو مزید مربوط بنایا جا سکے۔
باہمی تعاون کا یہی کردار دونوں ملک عرب لیگ اور اسلامی تعاون کی تنظیم، اقوام متحدہ اور دیگر کئی عالمی فورم پر بھی ادا کرتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ’یہ دورہ دونوں ملکوں کی قیادت کے مابین تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے فریم ورک کے تحت ہے۔‘
ایس پی اے کے مطابق اس دورے کا مقصد تعاون کو وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں مشترکہ کام کے راستے بنانا ہے تاکہ دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں تیزی سے ترقی کی جا سکے۔
ایس پی اے کے مطابق دورے کا مقصد ’گہرے تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے لیے نئے شعبوں کی تلاش خصوصا تجارت، انفراسٹرکچر اور ڈویلپمنٹ میں آگے بڑھنا ہے۔‘
سلطان ہیثم کے ساتھ اس دورے میں ان کے سینیئر وزرا اور سفارت کار بھی آئے ہیں۔ عمان کے سلطان کے وفد میں دفاعی امور کے ڈپٹی پرائم منسٹر سید شہاب بن طارق السید، وزیر داخلہ سید حمود بن فیصل اور وزیر خارجہ سید بدر بن حمد شامل ہیں۔

شیئر: