Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وائرس کی نئی اقسام سامنے آنے کے بعد عالمی معیشت کی بحالی پر خدشات

جی 20 ملکوں کے وزرائے خزانہ نے وائرس کے نئے ویریئنٹس سے عالمی معیشت کی بحالی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکہ کی سیکریٹری خزانہ جینیٹ یلین نے کورونا وائرس کی نئی اقسام سامنے آنے کے بعد عالمی معیشت کی بحالی پر تحفظات ظاہر کیے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی سیکریٹری خزانہ نے کہا ہے کہ ’ہمیں کورونا کی ڈیلٹا اور دیگر اقسام کے بارے میں خدشات ہیں کہ ان کے پھیلنے سے بحالی کے عمل کو خطرات لاحق ہیں۔ ہم مربوط عالمی معیشت ہیں، دنیا کے کسی بھی خطے میں کچھ ہوتا ہے تو دیگر ملک متاثر ہوتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ دنیا کی بڑی معیشتوں کے حامل ملکوں کی تنظیم جی 20 کے وزرائے خزانہ کا اجلاس اٹلی کے شہر وینس میں ہوا ہے جہاں امریکی سیکریٹری خزانہ نے صحافیوں سے گفتگو میں عالمی معیشت کی بحالی کے عمل میں پڑنے والے خلل سے متعلق خدشات ظاہر کیے۔
قبل ازیں سنیچر کو دنیا کی 20 بڑی معیشتوں والے ملکوں کے وزرائے خزانہ نے وائرس کی نئی اقسام اور ترقی پذیر ملکوں میں کورونا ویکسین تک محدود رسائی کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے اس کو بحال ہوتی عالمی معیشت کے لیے خطرہ قرار دیا تھا۔
سنہ 2019 کے دسمبر میں چین میں سامنے آنے والی عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا کی معیشت گزشتہ برس سنہ 2020 میں بدترین بحران کا شکار ہوئی۔
امریکہ اور یورپی ملکوں میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے گزشتہ برس کاروبار زندگی منجمد ہو کر رہ گیا تھا اور دنیا کے بڑے کاروباری مراکز لاک ڈاؤن کا شکار رہے۔
وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کئی ملکوں نے فضائی سفر پر پابندیاں عائد کیں جن کی وجہ سے بین الاقوامی فضائی کمپنیاں مالی بحران سے گزریں۔

شیئر: