Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹوکیو میں ’کورونا ایمرجنسی‘، چینی کھلاڑیوں کی ’ناقص انتظامات‘ کی شکایت

نوشیما کے جزیرے پر نپہنچنے کے بعد چین کی تیراکی کی ٹیم نے ہوٹل میں ناکافی حفاظی انتظامات کی شکایت کی (فوٹو: روئٹرز)
جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں اولمپکس مقابلے شروع ہونے سے تقریباً دو ہفتے قبل کورونا وائرس کے پیش نظر نئی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے جاپان پہنچنے والے چین کے پہلے کھلاڑیوں نے ہوٹل میں ناقص حفاظتی انتظامات کی شکایت کی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق چین کی ٹیم نے شکایت کی ہے کہ ان کے ہوٹل میں ناقص حفاظتی انتظامات ان کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے خطرات کو بڑھا دیں گے۔
کورونا وائرس سے تاخیر کا شکار ہونے والے ٹوکیو اولمپکس کے لیے غیر ملکی تماشائیوں کی شرکت پر پابندی عائد کر دی گئی تھی اور منتظمین نے یقین دہانی کرائی تھی کہ یہ ایونٹ محفوظ طریقے سے منعقد ہوگا۔
نوشیما کے جزیرے پر پہنچنے کے بعد چین کی تیراکی کی ٹیم نے ہوٹل میں ناکافی حفاظتی انتظامات کی شکایت کی۔
چین کی تیراکی کی تنظیم کے سربراہ ژانگ شیاڈونگ نے چین کی سرکاری نیوز ایجنسی شینوا کو بتایا کہ ’چینی ٹیم ایک ہی فلور پر ہے لیکن ہوٹل میں سیاحوں کے ساتھ میل جول ایک خطرہ ہے۔ ہم اس معاملے پر منتظمین کی کمیٹی سے رجوع کر رہے ہیں۔‘
ٹوکیو میں اولمپک گاؤں کو لوگوں کے لیے بند کر دیا گیا اور صرف مجاز عملے کو ہی داخلے کی اجازت ہے تاہم تیراکی اور ونڈ سرفنگ کے مقابلے گاؤں سے دور منعقد ہوں گے جس کے لیے شرکا قریب ہی اولمپک ہوٹل میں قیام کریں گے۔

ٹوکیو کی طبی تنظیم کے سربراہ کے مطابق ’جولائی اور اگست میں مقابلوں کا انعقاد کورونا سے پہلے بھی ایک سنجیدہ مسئلہ تھا‘ (فوٹو: روئٹرز)

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے کھلاڑیوں کے لیے حفاظتی گائیڈلائنز پر مشتمل ایک پلے بک جاری کی ہے تاہم کسی کھلاڑی کے کورونا میں مبتلا ہونے کی صورت میں خود کو کسی بھی ذمہ داری سے دور رکھا ہے۔
جھلسا دینے والی گرمی، نمی، اور فیس ماسک کی وجہ سے ٹوکیو اولمپکس اس بار کھلاڑیوں کو پسینے سے شرابور کر دے گا کیونکہ کورونا وائرس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر ترجیح ہیں جبکہ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ہیٹ سٹروک ایک سنگین خطرہ رہے گا۔
ٹوکیو کی طبی تنظیم کے سربراہ ہارو اوزاکی نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ’جولائی اور اگست میں مقابلوں کا انعقاد کورونا وائرس سے پہلے بھی ایک سنجیدہ مسئلہ تھا۔‘
برٹش ایسوسی ایشن فار سسٹین ایبل سپورٹ (بی اے ایس آئی ایس) نے مئی میں اپنی ایک رپورٹ میں تنبیہ کی تھی کہ ’شدید گرمی اور نمی سنہ 2021 کے ٹوکیو اولمپکس کے لیے خطرہ ہیں۔‘

شیئر: