Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپریم کورٹ میں جج کی تعیناتی، پاکستان بار کونسل کا ہڑتال کا اعلان

سپریم کورٹ کے ججز جسٹس فیصل عرب اور جسٹس منظور ملک کی ریٹائرمنٹ کے بعد عدالت عظمیٰ میں ججز کی دو آسامیاں خالی ہے۔ (فوٹو اے ایف پی)
پاکستان بار کونسل نے سپریم کورٹ میں سندھ ہائی کورٹ  سے جج تعیناتی کے معاملے پر منگل کو ملک گیر ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق پاکستان بار کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی کی جانب سے 12 جولائی 2021 کو منعقدہ اجلاس کے دوران سندھ ہائی کورٹ سے سنیارٹی کے لحاظ سے پانچویں نمبر پر موجود جج کی چار سینیئر ترین ججز کو نظر انداز کرکے سپریم کورٹ میں تعیناتی کے حوالے سے اور عدالتی نظام میں بہتری کے لیے متفقہ سفارشات پر بار کونسل کے وائس چیئرمین خوشدل خان نے اعلان کیا ہے ملک بھر کے وکلا  13 جولائی کو مکمل ہڑتال کریں گے اور کسی بھی عدالت میں پیش  نہیں ہوں گے۔
 پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین نے صوبائی بار کونسلز اور اسلام آباد بار اور متعلقہ بار ایسوسی ایشنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہڑتال کی کال پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
خیال رہے سپریم کورٹ میں ہارئی کورٹ سے ججز کی تعیناتیوں کے حوالے سے  سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
گذشتہ جمعے کو سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں سندھ ہائی کورٹ سے ایک ’جونیئر جج‘ کی عدالت عظمیٰ میں تقرری کی تجویز پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
واضح رہے سپریم کورٹ کے ججز جسٹس فیصل عرب اور جسٹس منظور ملک کی ریٹائرمنٹ کے بعد عدالت عظمیٰ میں ججز کی دو آسامیاں خالی ہے۔
منگل کو اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تعینانی کے لیے قائم جوڈیشیل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس بھی متوقع ہے جس میں مذکورہ خالی آسامیوں پر تقرری پر غور ہوگا۔

شیئر: