Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: اشیائے خورونوش کا غیر قانونی سٹورسیل

برآمد ہونے والی اشیا ضبط کرکے مکان کو سیل کردیاگیا(فوٹو، ٹوئٹر)
 وزارت تجارت کی تفتیشی ٹیموں نے ریاض کے ایک رہائشی علاقے میں مکان کوسیل کردیا جہاں غیر ملکیوں نے اشیائے خورونوش اور دیگر سامان ذخیرہ کیا ہوا تھا۔
ویب نیوز اخبار 24 نے سعودی ٹی وی ’الاخباریہ‘ کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ ریاض شہر میں وزارت تجارت کی تفتیشی ٹیموں نے متعدد علاقوں میں چھاپے مارے تاکہ غیر قانونی کام کرنےوالوں کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔
چھاپوں کے دوران ایک رہائشی علاقے کے مکان سے بڑی تعداد میں غیر معیاری اشیائے خورونوش اور ٹوتھ پیسٹ کے کارٹن برآمد ہوئے جنہیں غیرقانونی طورپر چھوٹی دکانوں میں فروخت کیاجاتا تھا۔

  مکان میں کریمیں اور اشیائے خورونوش اسٹور کی گئی تھیں(فوٹو، ٹوئٹر)

تفتیشی ٹیم نے مکان سے برآمد ہونے والی اشیا ضبط کرلیں جبکہ مکان میں رہنے والوں کا چالان درج کرلیا گیا۔ ضبط کی جانے والی اشیا وزارت تجارت کی ٹیم نے متعلقہ ادارے کو ارسال کردیں تاکہ انکا جائزہ لیا جاسکے۔
دوسری جانب وزارت تجارت کی تفتیشی ٹیموں نے صفائی کی اشیا فروخت کرنے والی دکانوں کی تفتیش کے دوران ممنوعہ کریمیں بھی برآمد کیں جنہیں صرف فارمیسیز پرہی فروخت کیاجاسکتا ہے۔
وزارت تجارت کی تفتیشی ٹیم کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ مکان جسے غیر قانونی طورپراشیائے خورونوش اور دیگر سامان کا اسٹور بنایا گیا تھا کو سیل کردیا گیا ہے جبکہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔
 

شیئر: