Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اب واٹس ایپ سمارٹ فون کے بغیر استعمال ہو سکے گی

فیس بک کا مطابق واٹس ایپ کے سکیورٹی فیچر نئے نظام میں کام کریں گے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
میسیجنگ ایپلیکیشن واٹس ایپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایک ایسا تجربہ کر رہے ہیں جس کا مقصد صارفین کو سمارٹ فون کے بغیر واٹس ایپ استعمال کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف کے مطابق ایک بلاگ میں واٹس ایپ کی مالک کمپنی فیس بک کے انجینیئرز کا کہنا ہے کہ اس نئے فیچر سے واٹس ایپ کے اربوں صارفین کمپیوٹر، ٹیبلٹ یا کسی بھی ڈیوائس کو سمارٹ فون سے کنیکٹ کیے بغیر اس پر واٹس ایپ استعمال کر سکیں گے۔
بلاگ کے مطابق ’اس نئی صلاحیت سے، آپ اب اپنے فون اور چار دیگر (نان فون) ڈیوائسز پر بیک وقت واٹس ایپ استعمال کر سکیں گے، بھلے آپ کے فون کی بیٹری ختم ہو چکی ہو۔‘
واٹس ایپ کو 2009 میں متعارف کیا گیا تھا، اب دنیا بھر اس میسیجنگ ایپ کے دو ارب سے زائد صارفین ہیں۔ ایپلیکیشن کو فیس بک نے خرید لیا تھا جس کے بعد اب یہ فیس بک کے ماتحت کام کرتی ہے۔
واٹس ایپ کو ویب ورژن کے ذریعے اب بھی کمپیوٹر وغیرہ پر استعمال کیا جا سکتا ہے، تاہم اس کے لیے سمارٹ فون کا ہونا ضروری ہوتا ہے۔ اگر سمارٹ فون بند ہو یا اس پر انٹرنیٹ فعال نہ ہو تو دوسری ڈیوائس پر واٹس ایپ لاگ ان نہیں کیا جا سکتا۔ 
کمپنی کا کہنا تھا کہ واٹس ایپ کے نئے نظام میں یہ مسائل نہیں ہوں گے کیونکہ اس کے ہر آپریشن کے لیے سمارٹ فون کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ واٹس ایپ کے سکیورٹی اقدامات نئے نظام میں کام کریں گے۔  
’ہر ڈیوائس کو آپ کے واٹس ایپ اکاؤنٹ کے ساتھ علیحدہ سے کنیکٹ کیا جا سکے گا اور اس دوران پرائیویسی کا بھی خیال رکھا جائے گا۔‘
 

شیئر: