Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اہلیہ کے قائل کرنے پر اداکار ایشٹن کچر نے خلائی پرواز کا ٹکٹ بیچ دیا

ایشٹن کچر کی اہلیہ کے خیال میں خلا میں جانا عقل مندانہ فیصلہ نہیں ہے۔ فوٹو سی این این
ہالی وڈ اداکار ایشٹن کچر نے خلا میں جانے والی پرواز ورجن گیلیکٹک کا ٹکٹ اپنی اہلیہ کے کہنے پر بیچ  دیا ہے۔
امریکی ٹی وی چینل سی این این کے مطابق ایشٹن کچر نے کہا ہے کہ اہلیہ میلا کیونس کے خیال میں خلا میں جانا عقل مندانہ فیصلہ نہیں ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں امریکی اداکار ایشٹن کچر نے بتایا کہ انہیں ارب پتی رچرڈ برانسن کی کمپنی کی پرواز کے ذریعے خلائی سفر پر جانا تھا لیکن ان کی شریک حیات نے انہیں روک دیا۔ 
ایشٹن کچر نے بتایا کہ ان کی اہلیہ نے انہیں خلائی سفر سے جڑے خطرات کا جائزہ لینے کا کہا اور نہ جانے پر قائل کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اہلیہ میلا کیونس کے مطابق شادی شدہ ہونے کے ناطے اور چھوٹے بچوں کی موجودگی میں خلا میں چلے جانا عقل مندانہ فیصلہ نہیں ہے۔ 
اہلیہ کے قائل کرنے کے بعد ایشٹن کچر نے اپنا ٹکٹ ورجن گیلیکٹک کو واپس کر دیا۔
رواں ہفتے ورجن گیلیکٹک کے بانی رچرڈ برانسن نے دو پائلٹس سمیت اپنی ٹیم کے تین اراکین کے ہمراہ خلا کا سفر کیا۔
خلائی شپ ٹو نامی جہاز پر رچرڈ برانسن اور ان کی ٹیم خلا کے کنارے تک گئی۔ اس مخصوص جہاز کی تیاری میں تقریباً 20 سال کا عرصہ لگا ہے۔
ورجن گیلیکٹک ایک اور ٹیسٹ پرواز کے بعد صارفین کے لیے باقاعدہ پرواز کا آغاز کر دے گی۔ اب تک چھ سو سے زائد افراد نے خلائی پرواز میں بکنگ کروائی ہوئی ہے جس کے ٹکٹ کی قیمت دو سے ڈھائی لاکھ ڈالر ہے۔

خلائی جہاز کی تیاری میں کمپنی کو تقریباً بیس سال لگے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی 

ہالی وڈ اداکار ایشٹن کچر نے کہا کہ انہیں بھی اگلی پرواز پر ہونا تھا لیکن اب وہ نہیں ہوں گے۔
اگرچہ اپنی اہلیہ کے قائل کرنے پر ایشٹن کچر نے اپنا فیصلہ تبدیل کر دیا تاہم کہکشاں دیکھنے کا خواب ابھی بھی زندہ ہے۔
’کسی نہ کسی موقع پر خلا میں ضرور جاؤں گا۔‘
ورجن گیلیکٹک کے مالک رچرڈ برانسن نے خلا میں کھینچی ہوئی تصویر شیئر کی اور بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں بھی کبھی بچہ تھا جس کا ایک خواب تھا، جو ستاروں کی طرف دیکھتا تھا۔ لیکن اب اس خلائی جہاز میں بیٹھا ہوا میں ایک بڑی عمر کا شخص ہوں، اگر ہم یہ کر سکتے ہیں، تو سوچو کہ تم کیا کچھ کر سکتے ہو۔‘

شیئر: