Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام کے ہر حصے کی سینیٹائزنگ، تمام دروازوں پر تھرمل کیمرے

روزانہ چار بار قالین کی صفائی کا پروگرام بنایا گیا ہے- (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب میں مقدس مساجد کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ عازمین حج کے استقبال کی تمام تیاریاں مکمل  ہیں۔ مسجد الحرام میں وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے احتیاطی اقدامات کیے گئے ہیں۔  
العربیہ نیٹ کے  مطابق انتظامیہ نے بتایا کہ چھتوں، فرش اور پورے ماحول کو سینیٹائز کرنے کے لیے 450 سے زیادہ سینیٹائزنگ پمپ اور  30 سے زیادہ مشینوں کا انتظام ہے۔ مسجد الحرام کے ایک، ایک حصے  کو سینیٹائز کرنے میں روزانہ پندرہ ہزار لٹر سے زیادہ جراثیم کش مادہ استعمال کیا جارہا ہے۔ 
انتظامیہ نے بتایا کہ مسجد الحرام کے تمام دروازوں پر 70 سے زیادہ تھرمل کیمرے لگائے گئے ہیں۔ ٹیسٹنگ کے دوران سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے ماہرین نے مسجد الحرام کے ہر حصے میں ٹریک بنائے ہیں۔ تھرمل کیمرے ایک سیکنڈ میں 6 سے 8 افراد کو چیک کر سکتے ہیں۔

مسجد الحرام کے تمام دروازوں پر 70 سے زیادہ تھرمل کیمرے لگائے گئے ہیں- (فوٹو: العربیہ)

  تین ہزار الیکٹرانک چیئر اور 5 ہزار ویل چیئر کا انتظام کیا گیا ہے۔ ویل چیئر کی بکنگ ایپ کے ذریعے کی جا سکتی ہے یا صفا پر موجود کاؤنٹر سے براہ راست چیئر حاصل کی جا سکتی ہے۔
 مسجد الحرام میں زائرین کو سہولتیں فراہم کرنے پر مامور ادارے کے معاون ڈائریکٹر فہد الجعید نے بتایا کہ روزانہ چار بار قالین کی صفائی کا پروگرام ہے تاکہ زائرین ہر طرح کے وائرس سے محفوظ رہیں۔ مسجد الحرام میں نماز کے لیے مختص مقامات پر بچھے ہوئے 13500 قالینوں کو روزانہ اٹھایا جاتا ہے انہیں دھونے اور سینیٹائزنگ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔  
مسجد الحرام میں ’پلاسٹک والے فرش‘ کی صفائی اور سینیٹائزنگ کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر دسیوں مشینیں سینیٹائزنگ کا کام کر رہی ہیں۔ روزانہ 900 لٹر سینیٹائزر رکھے جارہے ہیں۔ ہر شفٹ میں 300 لٹر کے لگ بھگ سینیٹائزر استعمال ہورہے ہیں۔ علاوہ ازیں قالینوں اور چھتوں کو سینیٹائز کرنے میں روزانہ 3500 لٹر مادہ استعمال کیا جا رہا ہے۔

ویل چیئر کی بکنگ ایپ کے ذریعے کی جاسکتی ہے- (فوٹو العربیہ)

مسجد الحرام میں ایئرکنڈیشن، ایئرسسٹم کی صفائی روزانہ نو بار کی جاتی ہے اور اسے بالائے بنفشی شعاعوں سے سینیٹائز کیا جا رہا ہے۔
مسجد کی انتظامیہ نے زائرین کے مسجد الحرام میں داخلے کے  لیے 262 دروازوں پر انتظامات کیے ہیں۔ ان میں سے تیرہ معذوروں کے لیے ہیں۔ 24 گھنٹے 69 دروازے کھلے رہتے ہیں۔ جمعے کے دن مزید دروازے کھول دیے جاتے ہیں۔ 
 مسجد الحرام  مکمل طور پر بند کرنے کے فیصلے کے بعد صرف تین دروازے کھولے گئے، ان میں باب ملک فہد، باب اسماعیل اور باب صفا شامل ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: