Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کیسز میں تشویشناک اضافہ، یونانی جزیرے پر رات کا کرفیو، موسیقی پر پابندی

یہ پابندی 26 جولائی تک فوری طور پر نافذ العمل رہے گی( فوٹو ٹوئٹر)
یونان میں حکام کا کہنا ہے کہ حکومت نے مائیکونوس کے مشہور سفری جزیرے میں کورونا انفیکشن میں ’تشویشناک‘ اضافے کے بعد رات کو پانچ گھنٹے کے کرفیو اور دیگر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شہری تحفظ کے نائب وزیر نیکوس ہرڈالیاس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان اقدامات میں رات ایک بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو اور شراب خانوں، کلبوں اور ریستورانوں میں موسیقی بجانے پر پابندی شامل ہے اور یہ اقدامات 26 جولائی تک فوری طور پر نافذ العمل ہیں۔
نیکوس ہرڈالیاس نے کہا کہ ’ہم اپنے خوبصورت جزیرے کے مکینوں، سیاحوں اور کاروباری مالکان سے ان اقدامات پر وفاداری سے عمل کرنے کی اپیل کرتے ہیں تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کی تیزی سے جانچ کی جا سکے اور مائیکونوس میں حالات معمول پر آ سکیں۔‘
یونان کی سرفہرست سفری منازل میں سے ایک مائیکونوس سالانہ سیکڑوں ہزاروں سیاحوں کو اپنے دلکش ساحل اور متحرک نائٹ لائف کی طرف کھینچتی ہے۔
یونانی حکام نے جزیرے کے متعدد ولاز میں ہونے والی پوشیدہ پارٹیوں کی تعداد کے حوالے سے حال ہی میں متنبہ کیا ہے۔
شہری تحفظ کے نائب وزیر نیکوس ہرڈالیاس نے 15 جولائی کو متنبہ کیا تھا کہ مائیکونوس میں صرف ایک ہفتے کے دوران مقامی کوویڈ-19 کے ایکٹو کیسز بڑھ کر 300 ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 20 سے زائد افراد کی نجی محفل کے منتظمین کو دو لاکھ  یورو تک جرمانے کا خطرہ ہے۔
یونان کو حالیہ دنوں میں کوویڈ 19 کے انفیکشن میں اضافے کا سامنا ہےجس میں زیادہ تر ڈیلٹا ویریئنٹ کے کیسز ہیں۔
یونان میں جمعے کو ملک بھر میں کورونا کے تقریباً دو ہزار 700 نئے کیسز کا اعلان کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کی ڈیلٹا قسم سب سے پہلے انڈیا میں سامنے آئی تھی جو تیزی سے براعظم یورپ میں پھیلی ہے۔ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ گرمیوں کے اختتام تک کورونا کے مثبت کیسز میں سے 90 فیصد ڈیلٹا قسم کے ہوں گے۔
امریکہ اور انڈیا کے بعد یورپی ممالک کورونا کی عالمی وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جہاں لاکھوں اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔
دسمبر 2019 میں چین کے شہر ووہان میں سامنے آنے والے کورونا وائرس سے دنیا بھر میں 40 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

شیئر: