Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحرِ ہند میں امریکی کارروائی: ’کیریبین ناکہ بندی توڑ کر فرار ہونے والے‘ تیل کے جہاز پر قبضہ

تقریباً ایک ہفتہ قبل بھی امریکی افواج نے اسی انداز میں ایک اور جہاز ’عقیلہ ٹو‘ کو قبضے میں لیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی محکمۂ دفاع پینٹاگون نے تصدیق کی ہے کہ اس کی افواج نے بحرِ ہند میں ایک ایسے بحری جہاز کو روک کر اس کا کنٹرول سنبھال لیا ہے جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیریبین کے خطے سے فرار ہو گیا تھا۔
خبر رساں ادارے اے ایف ہی کے مطابق اتوار کو پینٹاگون کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ پاناما کے جھنڈے تلے چلنے والے تیل بردار جہاز ’ویرونیکا تھری‘ نے صدر ٹرمپ کے ’قرنطینہ‘ (ناکہ بندی) کو چیلنج کرنے کی کوشش کی تھی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں امریکی فورسز کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ٹینکر پر اترتے اور اس کا کنٹرول حاصل کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
پینٹاگون کا کہنا ہے کہ ’ویرونیکا تھری نے صدر ٹرمپ کی ناکہ بندی کو چکمہ دے کر نکلنے کی کوشش کی۔ ہم نے کیریبین سے بحرِ ہند تک اس کا پیچھا کیا، فاصلہ کم کیا اور آخر کار اسے روک دیا۔‘
یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں امریکی صدر نے وینزویلا سے تیل لانے اور لے جانے والے بحری جہازوں کی ناکہ بندی کا حکم دیا تھا۔
اب تک اس مہم کے دوران کم از کم نو جہاز قبضے میں لیے جا چکے ہیں۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ مہینوں میں پکڑے گئے یہ جہاز اس ’شیڈو فلیٹ‘ (خفیہ بیڑے) کا محض ایک چھوٹا سا حصہ ہیں جو عالمی سطح پر پابندیوں سے بچنے کے لیے سرگرم کر رہا ہے۔
امریکی کوسٹ گارڈ کے ایک اعلیٰ اہلکار کے مطابق ایسے جہازوں کی تعداد 800 تک ہو سکتی ہے۔
ویرونیکا تھری کا سفر
جہازوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’ٹینکر ٹریکرز‘ کے مطابق ویرونیکا تھری تین جنوری کو وینزویلا سے روانہ ہوا تھا۔
یہ وہی دن تھا جب امریکی سپیشل فورسز نے ایک چھاپے کے دوران وینزویلا کے رہنما نکولس مادورو کو گرفتار کیا تھا۔ اس جہاز پر قریباً 19 لاکھ بیرل تیل لدا ہوا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ریکارڈ کے مطابق یہ جہاز ایران پر لگی امریکی پابندیوں کی فہرست میں بھی شامل ہے۔
امریکہ کے محکمۂ جنگ(ڈپارٹمنٹ آف وار) نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ وہ سمندری حدود میں غیر قانونی عناصر اور ان کے کارندوں کو نقل و حرکت کی آزادی نہیں دے گا۔
پینٹاگون نے ایکس پر لکھا ’محکمۂ جنگ سمندری حدود میں غیر قانونی کرداروں اور ان کے گماشتوں کی نقل و حرکت کی آزادی سلب کر لے گا۔‘
تقریباً ایک ہفتہ قبل بھی امریکی افواج نے اسی انداز میں ایک اور جہاز ’عقیلہ ٹو‘ کو قبضے میں لیا تھا۔
مبصرین کے مطابق بحرِ ہند تک پیچھا کر کے کارروائی کرنا اس بات کا اشارہ ہے کہ واشنگٹن اپنی ناکہ بندی کے دائرہ کار کو وسعت دے رہا ہے۔

شیئر: