Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’برسوں سے حج کا خواب دیکھ رہے تھے جو پورا ہوگیا‘

اس سال ساٹھ ہزار افراد کو حج کی اجازت دی گئی ہے۔( فوٹو ایس پی اے)
کورونا وبا کے دوران حج کی سعادت حاصل کرنے پر حجاج خوشی کا اظہار کر رہے ہیں ان کا کہنا ہے کہ برسوں سے حج کا خواب دیکھ رہے تھے جو پورا ہوگیا۔
یاد رہے کہ کورونا کی وبا کی وجہ سے سعودی عرب نے صرف محدود تعداد میں افراد کو حج کی اجازت دی ہے۔
پانچ لاکھ  سے زیادہ حج درخواستوں میں سے صرف 60 ہزار کو حج کے لیے منتخب کیا گیا ہے جبکہ 2019 میں 25 لاکھ افراد نے حج ادا کیا تھا۔

اب توحج مقامات کی دنیا ہی بدل گئی ہے( فوٹو ایس پی اے)

سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق میدان عرفات میں مراکش کے حاجی رشید الادریسی نے کہا کہ ’ حج درخواست کی منظوری کی اطلاع میرے لیے بہت بڑی خوشخبری تھی‘۔
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب میں مقیم ہوں۔ دل میں ایک طرح ڈر بھی تھا کہ پتہ نہیں درخواست منظور ہوگی یا نہیں‘۔
’ جب درخواست کا فارم  سامنے آیا تو روانی کے ساتھ اسے بھرتا چلا گیا تھا ۔ اس سے میرے اندر یہ احساس ہوا تھا کہ اس سال حج کا خواب پورا ہو جائے گا‘۔
جیزان میں مقیم مصر کے ڈاکٹرعلی صبحی نے کہا کہ’ حج انتظامات بہت عمدہ ہیں۔ امیدواروں کے انتخاب میں شفافیت کا مظاہرہ کیا گیا‘۔

قسمت نے میرا ساتھ دیا اور حج درخواست منظور ہوگئی(فوٹو ایس پی اے)

ایک سوڈانی حاجی موسی حسین نے کہا کہ’  پہلا حج بیس برس پہلے کیا تھا۔ اس دوران حج مقامات کی دنیا ہی بدل گئی ہے‘۔
ایک عرب حاجی عادل بوعبید نے حج کا موقع ملنے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ’ 35 برس سے حج کا خواب دیکھ رہا تھا۔ جب بھی حج کا موسم آتا کوئی نہ کوئی مصروفیت یا کوئی مسئلہ آڑے آجاتا‘۔
عادل بوعبید نے کہا کہ ’اس سال حج سے متعلق میرا خواب پورا ہوگیا ۔ کورونا کی وجہ سے حجاج کی تعداد محدود ہے مگر قسمت نے میرا ساتھ دیا اور حج درخواست منظور ہوگئی‘۔
میدان عرفات میں مصری حجن نے ایس پی اے کو بتایا ’وہ 30 برس سے فریضہ حج کا خواب دیکھ رہی تھی اس سال شرمندہ تعبیر ہوگیا‘۔
الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے مصری حجن کا کہنا تھا کہ ’میری خوشی کی کوئی انتہا نہیں لیکن خوشی کے اظہار کے لیے میرے پاس الفاظ بھی نہیں ہیں‘۔

شیئر: