Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت صحت نے بروقت مدد کرکے جان بچائی: پاکستانی حاجی

بہت سے حجاج گرمی، تھکن کا شکار تھے- (فوٹو الاخباریہ)
وزارت صحت نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ، منی، عرفات اور مزدلفہ میں حجاج کو صحت کے حوالے سے کوئی پریشانی نہیں ہوئی-
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت میں ایگزیکٹیو حج کمیٹی کے سربراہ اور مکہ مکرمہ ریجن میں صحت کے امور کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر وائل مطر نے کہا کہ 1500 سے زیادہ صحت خدمات فراہم کی گئیں، جبکہ 700 افراد کلینک تشریف لائے اور انہیں وہاں طبی سہولیات مہیا کی گئیں-

کلینک میں حجاج کو علاج کی سہولیات فراہم کی گئیں- (فوٹو وزارت صحت ٹوئٹر)

ڈاکٹر وائل مطر نے سعودی ریڈیو کو انٹرویو میں بتایا کہ عرفات سے آنے کے بعد منی میں زائرین کو  1500 طبی خدمات فراہم کی گئیں- ان میں سرجری، ہنگامی دورے اور کلینک سہولیات شامل ہیں-
ڈاکٹر وائل نے بتایا کہ کلینک کے دوروں کی تعداد 700 سے زیادہ ہے- کچھ مریض حجاج کو علاج کے بعد فارغ کردیا گیا-
ڈاکٹر وائل کا کہنا تھا کہ بہت سے حجاج گرمی، تھکن اور دل کی تکلیف میں مبتلا تھے جنہیں سہولت فراہم کی گئی-

وزارت صحت کے انتظامات بہترین ہیں- (فوٹو وزارت صحت ٹوئٹر)

وزارت صحت کے  ٹوئٹر کے مطابق ایک پاکستانی حاجی معین عبدالحمید کا کہنا ہے کہ  اس کی طبعیت اچانک خراب ہوئی تو اس کے ساتھیوں نے فون کرکے ہلال احمر کو طلب کیا جس نے فوری امداد فراہم کی اور بروقت اسے وزارت صحت کے سینٹر پہنچایا جہاں اس کے  دل کے مرض کا علاج کیا گیا اور اب اس کی حالت قدرے بہتر ہے اور وہ وزارت صحت اور ہلال احمر کی امدادی ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے دعائیں دے رہا ہے کہ  انہوں نے بروقت مدد کرکے اس کی جان بچائی- وزارت صحت کے انتظٓامات بہترین ہیں-
پاکستانی حاجی اب وزارت صحت کے ہسپتال میں زیر علاج ہے اور وہ صحت نگہداشت کے حوالے سے بے حد خوش ہے اور اس کا کہنا ہے کہ وزارت صحت اور تمام ادارے حجاج کی خدمت جی جان سے کررہے ہیں-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

شیئر: