Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج کا آخری مرحلہ بھی کامیاب رہا: حرمین انتظامیہ

’ہر ادارے نے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے بہترین خدمات فراہم کرکے مثالی کارنامہ انجام دیا ہے‘ (فوٹو: ٹوئٹر)
 حرمین شریفین انتظامیہ نے کہا ہے کہ حج کا تیسرا اور آخری مرحلہ انتہائی خیر و خوبی کے ساتھ مکمل ہوگیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’تمام حجاج نے انتہائی حفاظتی اور پر امن ماحول میں طواف وداع کیا اور مکہ مکرمہ سے رخصت ہوگئے ہیں۔‘
حرمین انتظامیہ کے ترجمان ہانی حسنی حیدر نے کہا ہے کہ ’انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس کی رہنمائی میں طواف وداع اور حج کا آخری مرحلہ منصوبے کے مطابق تکمیل کو پہنچا ہے۔‘
’طواف وداع اور مکہ مکرمہ سے رخصتی کو آسان اور سہل بنانے کے لیے انتظامیہ کی طرف سے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے۔‘
’مصنوعی ذہانت کے ساتھ حرم کے تمام حصوں کو سینیٹائزنگ کرنا، حجاج کو طواف اور سعی کی سہولت فراہم کرنا اور زمزم کی سپلائی کرنے کے علاوہ ہر طرح سے راحت پہنچانے کے اسباب فراہم کئے گئے۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’حج کا آخری مرحلہ کامیاب بنانے کے لیے انتظامیہ سمیت سیکیورٹی فورس اور دیگر اداروں نے مشترکہ جد وجہد کی ہے۔‘
’ہر ادارے نے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے بہترین خدمات فراہم کرکے مثالی کارنامہ انجام دیا ہے۔‘

شیئر: