Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا الیکشن میں دھاندلی کا الزام، ’پی ٹی آئی نے خود مہریں لگائیں‘

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے انتخابات میں بڑی سیاسی جماعتوں نے حصہ لیا۔ (فوٹو: اردو نیوز)
پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دو حلقوں میں پی ٹی آئی کے امیدوار نے دیگر سیاسی جماعتوں کے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ سٹیشن داخل ہونے سے روکا۔
اتوار کو انہوں نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ ’پولنگ سٹیشن نمبر 49 پر پولنگ کے عملے اور رینجرز نے پی ٹی آئی کے امیدوار کے ساتھ مل کر پولنگ ایجنٹس کو اندر جانے نہیں دیا اور خود مہریں لگائیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے امیدواروں نے ایل اے 33 گوہر آباد اور ایل اے 32 چکار میں پولنگ ایجنٹس کا جانے نہیں دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے خلاف الیکشن کمیشن اور آر او کو درخواست دی گئی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف پر انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگایا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ’مسلم لیگ ن دھاندلی میں مصروف ہے۔‘
پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ ’تحریک انصاف ریاستی مشینری کے استعمال کے ذریعے آزاد کشمیر انتخابات کو متنازع بنا دیا ہے۔ انتخابات کے دوران فائرنگ، پولنگ کیمپوں کو اکھاڑ کر تحریک انصاف نے خونی دھاندلی کرنے کی کوشش کی۔‘
اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا تھا کہ پولنگ سٹیشن نمبر ۳۵ کے انتخابی حلقے میں غیر متعلقہ افراد کی جانب سے خواتین ووٹرز سے پی ٹی آئی کو ووٹ ڈالنے پر اصرار کیا گیا جبکہ حلقہ ایل اے 29 کے پولنگ سٹیشن 30 اور 31 میں پولیس اور افسران کا خواتین ووٹرز پر پی ٹی آئی کو ووٹ ڈالنے کا دباؤ ڈالا گیا۔
پیپلز پارٹی کے مطابق کہ کئی حلقوں کے پولنگ سٹیشنز پر ووٹ چوری بھی کیے گئے۔
’پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی الیکشن سیل کے سربراہ سینیٹر تاج حیدر نے آزاد جموں و کشمیر کے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو اپنی شکایت سے تحریری طور پر آگاہ کر دیا۔‘
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے ٹویٹ کیا کہ ’ن لیگ خود کبھی بغیر دھاندلی کے انتخابات نہیں جیت سکی ہے۔‘
’آزاد کشمیر میں حکومت ن لیگ کی۔ عملہ ن لیگ کا موجودہ وزیراعظم ن لیگ کا۔ ساری سرکاری مشینری ن لیگ کے ہاتھ میں اور ساتھ میں دھاندلی کا رونا - وطیرہ ہے پرانا - یہ خود کبھی بغیر دھاندلی کے انتخابات جیت ہی نہیں سکتے- انہوں نے ہمیشہ نیوٹرل امپائر کی مخالفت کی ہے۔‘
دوسری جانب راولپنڈی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں عمران خان ہی جیتے گا۔
انہوں نے کہا کہ کہ کشمیر کے الیکشن میں راولپنڈی میں پہلی مرتبہ تحریک انصاف الیکشن جیتی ہے۔
’کیش گروپ ہار گیا اور عمران خان جیت گیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ عمران خان کشمیر کی آزادی کا کیس لڑے گا۔

شیئر: