Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے چینی انجینیئر زخمی

پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے چینی انجینیئر کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
کراچی کے علاقے سائٹ میں چینی انجینیئرز کو لے جانے والی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک انجینئر زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق اس واقعے میں زخمی ہونے والے چینی انجینیئر کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اکبر ریاض نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’گاڑی میں دو غیر ملکی اور ایک ڈرائیور سوار تھے جو ڈیفینس کے علاقے سے شیر شاہ کی ایک فیکٹری جا رہے تھے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’دونوں چینی انجینیئر کسی پرائیویٹ کمپنی کے ساتھ منسلک تھے اور ان کا سی پیک کے کسی پراجیکٹ سے کوئی تعلق نہیں تھا۔‘
سینیئر پولیس افسر کا مزید کہنا تھا کہ ’چینی انجینیئرز کی نقل و حرکت کے حوالے سے پولیس کو پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔ البتہ ان کا کہنا تھا کہ زخمی انجینیئر کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ دوسرا انجینیئر اور ڈرائیور حملے میں محفوظ رہے۔‘
اس سے قبل واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کیماڑی کے ایس ایس پی فدا حسین کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا مقام ابھی تک واضح نہیں ہو سکا۔
ان کے بقول ’فائرنگ راستے میں کسی مقام پر ہوئی ، ڈرائیور گاڑی بھگا کر گلبائی پل کے نیچے لایا۔ پل کے نیچے موجود ایمبولینس کے ذریعے چینی انجینیئر کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔‘

شیئر: