Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی کے علاقے کورنگی میں چھ سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل

نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جناح ہسپتال لے جایا گیا جہاں میڈیکو لیگل افسر نے بچی کے ساتھ زیادتی کی تصدیق کر کی (فائل فوٹو: روئٹرز)
کراچی کےعلاقے کورنگی زمان ٹاؤن میں چھ سالہ بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا۔ بچی منگل کی رات لاپتا ہوئی تھی، بچی کے والدین کے مطابق ’پولیس کو رپورٹ لکھوانے کے باوجود کوئی کارروائی نہ ہوئی اور بچی کی نعش بدھ کی صبح کچرا کنڈی سے ملی۔‘
پولیس کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق کچرا کنڈی سے برآمد ہونے والی نعش کی شناخت چھ سالہ ماہم کے نام سے ہوئی جو ایک روز قبل زمان ٹاؤن سے لاپتا ہوئی تھی۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جناح ہسپتال لے جایا گیا جہاں میڈیکو لیگل افسر نے بچی کے ساتھ زیادتی کی تصدیق کی۔
کیس کے تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ ’ابتدائی تفتیش سے یہی گمان ہوتا ہے کہ بچی کے ساتھ زیادتی کر کے قتل کرنے والا کوئی قریبی شخص تھا جس نے شناخت کیے جانے کے ڈر سے بچی کو قتل کر دیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ڈی این اے کے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں جن کی رپورٹ آنے کے بعد تفتیش کو آگے بڑھائیں گے۔‘
جناح ہسپتال کی میڈیکو لیگل افسر ڈاکٹر سمعیہ نے میڈیا کو بتایا کہ پ’وسٹ مارٹم میں واضح ہوگیا ہے کہ قتل سے پہلے ماہم سے زیادتی کی گئی جبکہ اس کی گردن کی ہڈی بھی توڑ دی گئی۔‘
’ماہم کو ناک اور منہ بند کر کے قتل کیا گیا، قتل کے دوران ہی زور لگانے سے گردن کی ہڈی ٹوٹی۔‘
ڈاکٹر سمیعہ کا مزید کہنا تھا کہ ’زیادتی کے دوران بچی کو بدترین تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔‘ انہوں نے بتایا کہ ’ڈی این اے سمیت دیگر تمام نمونےحاصل کر لیے گئے ہیں۔‘

شیئر: