Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیالکوٹ میں پنجاب اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب، تحریک انصاف کامیاب

حلقے میں پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔ فوٹو: سکرین گریب
پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن میں غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔
بدھ کو حلقے میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے نتائج رات ساڑھے نو بجے تک موصول ہوتے رہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے فارم 47 کے مطابق ’پی ٹی آئی کے امیدوار احسن سلیم بریار نے 62 ہزار 657 ووٹ حاصل کیے جبکہ ن لیگ کے امیدوار طارق سبحانی 56 ہزار 353 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
ضمنی انتخاب میں کل ایک لاکھ 27 ہزار 62 ووٹ کاسٹ کیے گئے جن میں سے دو ہزار 136 ووٹ مسترد ہوئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ’حلقہ پی پی 38 کے ضمنی الیکشن میں ووٹنگ کا ٹڑن آؤٹ 55.35 فیصد رہا۔
وفاقی وزیر حماد اظہر نے حلقے کے تمام 165 پولنگ سٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج سامنے آنے کے بعد ٹویٹ کیا کہ ’یہ نون لیگ کا 2018 میں جیتا ہوا حلقہ تھا جس نے آج تین سال بعد تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ کیا۔‘ 
خیال رہے کہ یہ نشست ن لیگ کے خوش اختر سبحانی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
حلقے میں پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔
پولنگ شروع ہونے سے قبل بارش کے باعث بعض مقامات پر عملے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے کچھ پولنگ سٹیشنز پر ووٹرز کو ووٹ پول کرنے میں وقت لگا۔ 
غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار  نے لیگی امیدوار کو 7117 ووٹوں سے شکست دی۔

شیئر: