Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقامہ و قانون محنت کی خلاف ورزی، ایک ہفتے میں 12 ہزار غیر ملکی گرفتار

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مشترکہ کارروائیاں کی گئی ہیں (فوٹو: عاجل)
سعودی عرب میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کارروائی کے دوران گذشتہ ایک ہفتے کے دوران 12 ہزار سے زائد اقامہ و قانون محنت کی خلاف ورزی کے مرتکب تارکین کے علاوہ دراندازوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ویب نیوز اخبار 24 کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ 22 سے 28 جولائی 2021 کے دوران مملکت کے مختلف ریجنز میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مشترکہ کارروائیاں کی گئی ہیں‘۔
’اس دوران اقامہ قوانین کی خلاف ورزیوں پر چار ہزار ایک سو افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 7 ہزار 400 افراد کو سرحدی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔ علاوہ ازیں 991 غیر ملکیوں کو قانون محنت کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا‘۔ 
وزارت داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ’دراندازی کے جرم میں گرفتار شدگان میں 52 فیصد یمنی اور 44 فیصد ایتھوپیا کے شہری جبکہ 4 فیصد کا تعلق مختلف دیگر ممالک سے تھا‘۔ 
سرحدی محافظوں نے 8 افراد کو غیر قانونی طور پر مملکت کی سرحد عبور کرکے بیرون ملک جانے کی کوشش کرتے ہوئے حراست میں لیا۔ 
بیان میں مزید کہا گیا کہ’ 12 افراد کو قانون محنت کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو روزگار اور نقل وحمل کی سہولت فراہم کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔‘

 

شیئر: