Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قانون محنت کی خلاف ورزیوں پر نئی سزائیں کیا؟

متعدد خلاف ورزیوں پر 5 سے 30 ہزار ریال تک جرمانے ہوں گے (فوٹو: عرب نیوز)
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے قانون محنت کی خلاف ورزیوں پر نئی سزاؤں کا عندیہ دیا ہے۔ سزاؤں کے  چارٹ میں مقررہ جرمانے قانون محنت کی دفعہ 229 کی شق (الف) اور شق (ب) میں مذکور جرمانوں کی انتہائی حد کے 50 فیصد سے زیادہ نہیں ہوں گے- علاوہ ازیں نئے چارٹ میں ایسی خلاف ورزیاں بھی شامل ہوں گی جو جرمانے کی انتہائی حد سے 50 فیصد سے زیادہ ہوں گی-
اخبار 24 کے مطابق ایسے ادارے جن کے ملازمین کی تعداد 10 سے کم یا زیادہ ہو- ان پر غلط معلومات پیش کرنے کی صورت میں 50 ہزار ریال جرمانہ ہوگا- یہ سزا ان اداروں پر لاگو ہوگی جو اپنے کارکنان سے متعلق غلط معلومات حاصل کرکے حکومت سے ایسی سہولتیں حاصل کریں جن کے وہ حقدار نہیں-

مختلف خلاف ورزیوں پر الگ الگ جرمانے ہیں (فوٹو: اخبار 24)

ایسے ادارے جن کے کارکنان کی تعداد دس سے کم یا زیادہ ہو ان پر مندرجہ ذیل خلاف ورزیوں کی صورت میں 20 ہزار ریال جرمانہ ہوگا-
ملازمت کے ویزے فروخت کرنا
ویزے بیچنے میں ثالثی کرنا
آجر کا غیر ملکی کارکن کو ورک پرمٹ کے بغیر ملازم رکھنا یا ’اشعاراجیر‘ کے بغیر ملازمت فراہم کرنا-
آجر کا سعودیوں کے لیے مختص اسامیوں پر کسی کو پیشہ ورانہ ورک پرمٹ کے بغیر ملازمت دینا-
ایسے ادارے جن کے کارکنان کی تعداد 10 سے زیادہ ہو ان پر مندرجہ ذیل خلاف ورزیوں پر 25 ہزار ریال جرمانہ ہوگا-
50 یا اس سے زیادہ کارکن خواتین والے ادارے کا بچوں کی نگہداشت کا مرکز قائم نہ کرنا یا ڈے کیئر سینٹر یا نرسری کا بندوبست نہ کرنا-
ملازم خواتین کے چھ برس سے کم عمر کے دس یا اس سے زیادہ بچوں کی نگہداشت کا انتظام نہ کرنا-
ایسے اداروں پر جن کے ملازمین کی تعداد دس سے کم ہو اور ایسے ادارے جن کے ملازمین کی تعداد دس سے زیادہ ہو پرمندرجہ ذیل صورتوں میں دس ہزار ریال جرمانہ ہوگا-
آجر کا وزارت کی طرف سے مقرر کردہ صحت و سلامتی کے ضوابط اور تحفظ  کے انتظامات نہ کرنا-
پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے خطرات سے کارکنان کو بچانے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر نہ کرنا- کانوں اور پتھر توڑنے والے مقامات پر کام کرنے والے عملے کے لیے مقرر سرکاری ہدایات کی پابندی نہ کرنا- ای سکیورٹی سسٹم یا مناسب سکیورٹی پہرے کا انتظام نہ کرنا-

غلط معلومات فراہم کرکے سہولتیں حاصل کرنے پر بھی سزا ہوگی (فوٹو عرب نیوز)

وزارت افرادی قوت نے دیگر خلاف ورزیوں پر 1000 سے 30 ہزار ریال تک کے  جرمانے مقرر کیے ہیں-
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے بغیر لائسنس کے سعودیوں کو روزگار دلانے  یا بیرون مملکت سے  افرادی قوت درآمد کرنے یا بغیر لائسنس کے عملے کی خدمات مہیا کرنے والے ادارے پر 10 ہزار ریال جرمانہ مقرر کرنے کا عندیہ دیا ہے- ایسا ادارہ مستقل بنیادوں پر بند بھی کیا جاسکتا ہے-
وزارت افرادی قوت نے متعدد خلاف ورزیوں پر 5 سے  30 ہزار ریال تک جرمانے بھی مقرر کیے ہیں-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: