Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیڈ لائن ختم، شاپنگ مالز اور پبلک مقامات پر ویکسین لگوانے والے ہی جا سکیں گے

عمل درآمد کے لیے یکم اگست کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی(فائل فوٹو ایس پی اے) 
سعودی وزارت تجارت کے ترجمان عبدالرحمن الحسین نے کہا ہے کہ اتوار یکم  اگست سے توکلنا ایپ پر’ویکسینیڈڈ‘ کے سٹیٹس کے حامل افراد ہی مارکیٹوں میں داخل ہو سکیں گے۔ 
اخبار 24 کے مطابق وزارت تجارت نے ادارہ امور صحت کے اشتراک سے جو منصوبہ تیار کیا تھا اس پرعمل درآمد کے لیے یکم اگست کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔ 
وزارت کی جانب سے اس حوالے سے کہا گیا تھا کہ یکم اگست 2021 سے ہر وہ شخص جس نے کورونا سے بچاو کےلیے ویکسین نہیں لگوائی وہ سرکاری، نجی اداروں کے علاوہ شاپنگ مالز، ریستوران ، کیفٹریا اور دیگر تجارتی اداروں میں داخل نہیں ہو سکےگا۔ 
اس حوالے سے وزارت تجارت نے تمام سرکاری اور نجی اداروں کو مطلع کر دیا ہے کہ وہ قانون پر سختی سے عمل درآمد کرانے کو یقینی بنائیں۔ 
واضح رہے قبل ازیں سرکاری و نجی اداروں کے علاوہ مارکیٹوں اور تجارتی مقامات پر’توکلنا‘ ایپ کے بغیر داخلہ منع تھا۔
اس قانون میں اب ویکسینیشن کی شرط پرعائد کردی گئی ہے جس کے بعد ان مقامات پروہی افراد جاسکیں گے جنہوں نے کورونا سے بچاو کے لیے ویکسین لگوائی ہوئی ہے۔  
قبل ازیں  وزارت داخلہ نے بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ یکم اگست سے کسی بھی تجارتی، ثقافتی، تفریحی یا کھیل کے علاوہ سماجی تقریبات میں شرکت کے لیے ویکسین کی شرط لاگو ہے‘۔
’اسی طرح کسی بھی سرکاری محکمے یا نجی ادارے کے علاوہ پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے بھی ویکسین کی شرط لاگو کی جارہی ہے‘۔

تمام افراد کے لیے حفاظتی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے(فوٹو ٹوئٹر)

’تمام سعودی شہری اور مقیم غیرملکی اس بات کے پابند ہیں کہ وہ اپنی ویکسین کی صورتحال ثابت کرنے کے لیے توکلنا ایپ میں اپنا سٹیٹس دکھائیں گے‘۔
وزارت کا کہنا تھا کہ ’کورونا وائرس سے بچنے کے لیے تمام افراد کے لیے حفاظتی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے‘۔

شیئر: