Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مجھے اور میرے شوہر کو فرق ہی نہیں پڑتا کہ لوگ کیا کہہ رہے ہیں‘

غنا علی نے بتایا کہ ’شروع میں دکھ ہوا لیکن پھر لوگوں کی باتوں پر غور کرنا ہی چھوڑ دیا‘ (فوٹو: انسٹاگرام)
شوبز انڈسٹری کی مشہور شخصیات جب بھی اپنی کوئی تصویر یا ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپ لوڈ کرتی ہیں تو جہاں ان کے مداح پسندیدگی کا اظہار کرتے ہیں وہیں کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں جو ٹرولنگ شروع کر دیتے ہیں۔
کپڑوں اور میک اپ سے لے کر ان کی ظاہری شخصیت پر طرح طرح کے تبصرے کیے جاتے ہیں جنہیں کبھی وہ نظر انداز کر دیتی ہیں اور بعض اوقات وہ اس ٹرولنگ کا خود جواب دیتی نظر بھی آتی ہیں۔
سوشل میڈیا ٹرولنگ کے نشانے پر صرف یہ مشہور شخصیات ہی نہیں بلکہ ان سے جڑے افراد بھی اکثر اس کی زد میں آ جاتے ہیں۔
اداکارہ غنا علی جو حال ہی میں رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئی ہیں، کو آج کل ایسے ہی رویے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
غنا نے جب اپنے شوہر کے ساتھ نکاح کی تصاویر انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی تو مبارکبادیاں دینے والے کم اور منفی تبصرے کرنے والے زیادہ نظر آئے جس کی وجہ ان کے شوہر کی جسامت تھی لیکن اس کے باوجود وہ اہنے شوہر کے ساتھ اپنی تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں اور اکثر ٹرولنگ کرنے والوں کو ’شٹ اپ کال‘ دیتی بھی نظر آتی ہیں۔
اردو نیوز سے گفتگو میں اداکارہ غنا علی نے کہا کہ ’مجھے فرق نہیں پڑتا کہ لوگ کیا کہہ رہے ہیں، شروع میں دکھ ہوا لیکن پھر لوگوں کی باتوں پر غور کرنا ہی چھوڑ دیا۔ جہاں مجھے لگتا ہے کہ میرے شوہر کو ان کی ظاہری شخصیت کی وجہ سے بہت زیادہ ٹارگٹ کیا جا رہا ہے وہاں میں میں جواب ضرور دیتی ہوں باقی جو کہتا ہے کہتا رہے۔‘

غنا علی نے بتایا کہ ’میرے شوہر پڑھتے ہی نہیں  کہ لوگ ان کے بارے میں کیا لکھ رہے ہیں‘ (فوٹو: غنا علی انسٹاگرام)

اس سوال کے جواب میں کہ کیا سوشل میڈیا ٹرولنگ سے ان کے شوہر پریشان ہوتے ہیں، ٖغنا نے بتایا کہ ’میرے شوہر مجھ سے بھی دو ہاتھ آگے ہیں، انہیں فرق ہی نہیں پڑتا کون کیا کہہ رہا ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ وہ پڑھتے ہی نہیں کہ لوگ ان کے بارے میں کیا لکھ رہے ہیں۔
غنا علی سمجھتی ہیں کہ ’کوئی کیا کہہ رہا ہے کیا نہیں اگر اس کو دل پر لے کر بیٹھ جائیں تو پھر تو کوئی زندہ ہی نہ رہے۔ اگر لوگوں کی باتیں سن کر اپنی زندگی کو اداس بنانا ہے تو آپ یقینا کمزور ہی ثابت ہوں گے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’میں اور میرے شوہر ہم دونوں ایک لمبے عرصے سے دوست تھے، بس گھر والوں کو شامل کرکے شادی کر لی اور میں بہت خوش ہوں کیونکہ میرے شوہر بہت سپورٹیو ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مجھے کھانا بنانا آتا ہے اور انٹیرئیر ڈیزائننگ میں خاصی دلچپسی رکھتی ہوں۔ جب میں نے اپنا گھر سجایا تھا تو میرے شوہر بھی حیران رہ گئے کہ مجھے انٹیرئیر ڈیزائنگ میں اتنی دلچپسی ہے۔‘

غنا علی نے کہا کہ ’اگر لوگوں کی باتیں سن کر اپنی زندگی کو اداس بنانا ہے تو آپ یقینا کمزور ہی ثابت ہوں گے۔‘ (فوٹو: غنا علی انسٹاگرام)

اس سوال کے جواب میں کہ وہ کون سے کردار ادا کرنا پسند کرتی ہیں، غنا نے بتایا کہ ’جن کرداروں میں ایکٹنگ کا مارجن نہیں ہوتا میں وہ رد کر دیتی ہوں اور ایسے کردار قبول کرتی ہوں جن میں اداکاری کا مارجن ہو۔ کردار چھوٹا برا نہیں ہوتا یہ اداکار کا فن ہے کہ وہ کیسے اپنے کردار کو سکرین پر نمایاں کر سکتا ہے۔‘
غنا علی کی فلم ’’گواہ رہنا‘‘ ریلیز کے لیے تیار ہے جس کی کامیابی کے لیے وہ پُرامید ہیں۔ غنا نے مزید بتایا کہ ’میں آج کل پینڈنگ ڈراموں کی شوٹنگ ختم کررہی ہوں اور اس کے بعد ایک سال تک کام نہیں کروں گی بلکہ اپنی گھریلو زندگی پر توجہ دوں گی۔‘

شیئر: