Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موسم کی صورتحال: کئی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان، سیلاب کا خطرہ

بحیرہ احمر کا جنوبی ساحل بھی گرد آلود ہواؤں کی لپیٹ میں ہوگا(فوٹو عاجل) 
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے پیر 2 اگست سے متعلق مملکت بھر میں موسمی تبدیلیوں کے حوالے سے پیشگوئی جاری کی ہے۔
اخبار  24 کے مطابق قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ’پیر کو بھی جازان، عسیر اور باحہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گرد آلود ہوائیں چلیں گی اور ژالہ باری ہوگی بارش کے باعث سیلاب بھی آسکتا ہے‘۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ’ نجران کے پہاڑی علاقوں اور مکہ مکرمہ کے بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان جبکہ گرد آلود ہواؤں سے مکہ مکرمہ ریجن اور جنوب مغربی علاقوں کے بالائی مقامات میں حد نظر محدود ہوجائے گی‘۔
’غبار آلود ہواؤں کا سلسلہ نجران تک پھیل جائے گا جبکہ ریاض ریجن کے جنوبی مقامات اور بحیرہ احمر کا جنوبی ساحل بھی گرد آلود ہواؤں کی لپیٹ میں ہوگا‘۔ 
بیان میں قومی مرکز کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ درجہ حرارت 46 سینٹی گریڈ دمام اور حفر الباطن میں ہوگا جبکہ سب سے کم درجہ حرارت 16 سینٹی گریڈ السودۃ میں متوقع ہے‘۔ 
علاوہ ازیں محکمہ شہری دفاع نے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے اپیل کی کہ وہ اتوار سے جمعرات تک جازان، عسیر، نجران، باحہ اور مکہ مکرمہ میں تمام احتیاطی تدابیر کی پابندی کریں۔

ایسے تمام مقامات سے دور رہیں جہاں سے سیلاب گزرتا ہے(فوٹو عاجل)

ان پانچوں علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور پھر سیلاب کے خطرات ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے بیان میں موسمیات کے قومی مرکز کے حوالے سے بتایا کہ’ پیر سے جمعرات تک مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، تبوک اور حائل میں اوسط درجے کی بارش کا امکان ہے‘۔
محکمہ شہری دفاع نے ہدایت کی ہے کہ’ وہ غیر مستحکم موسم کے دوران احتیاط برتیں اور ایسے تمام مقامات سے دور رہیں جہاں سے سیلاب گزرتا ہے۔ مختلف ذرائع ابلاغ کے توسط سے سلامتی کے لیے جاری کی جانے والی ہدایات کی خاص طور پر پابندی کریں‘۔

شیئر: