Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب پارلیمنٹ کے وفد کی وزیر خارجہ اور چیئرمین سینیٹ سے ملاقات

عرب پارلیمنٹ کے وفد نے سپیکر عادل عبدالرحمان العسومی کی قیادت میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔
دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق عرب پارلیمنٹ کا وفد سوموار کو وزارتِ خارجہ آیا جہاں وزیر خارجہ نے ان کو خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عرب ممالک کے ساتھ گہری وابستگی یکساں مذہبی، ثقافتی اور تاریخی اقدار کی بنیاد پر استوار ہے۔
پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔‘
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عرب پارلیمانی وفد کو پاکستان کی جغرافیائی اقتصادی ترجیحات کے خدوخال سے بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ عرب پارلیمانی وفد کا یہ دورہ دو طرفہ پارلیمانی روابط کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
قبل ازیں عرب پارلیمنٹ کے وفد نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سوموار کو ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعاون، ادارہ جاتی روابط اور پارلیمانی سفارتکاری سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔ (فوٹو: پاکستان وزارت خارجہ)

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان عرب ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعاون و تعلقات کو انتہائی اہم سمجھتا ہے۔
پاکستان کے تمام مسلم ممالک اور بالخصوص عرب ممالک کے ساتھ تعلقات مثالی ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’عرب پارلیمنٹ عرب ممالک کا مشترکہ پلیٹ فارم ہونے کے باعث ہمارے لیے بہت اہم ہے۔‘
چیئرمین سینیٹ نےعرب پارلیمنٹ کے مجموعی کردار کی بھی تعریف کی۔
صادق سنجرانی کے بقول ’پاکستان عرب پارلیمنٹ میں بطور آبزرور کی حیثیت سے شمولیت کے لیے تیار ہے۔ پاکستان مسلم اُمہ کے حقوق کے تحفظ کے لیے عرب ممالک کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔‘
ملاقات کے دوران عرب پارلیمنٹ کے سپیکر عادل عبدالرحمان العسومی نے کہا کہ پاکستان کا دورہ کر کے بہت خوشی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عرب دنیا کے لیے ایک اہم ملک ہے۔ پاکستان کے ساتھ تعاون کو انتہائی سمجھتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نےعرب پارلیمنٹ کے مجموعی کردار کی بھی تعریف کی۔ (فوٹو: سینیٹ آف پاکستان)

 ’اس دورے سے پارلیمانی تعاون، ادارہ جاتی رابطوں اور کثیر الجہتی معاونت کے لیے راہیں ہموار کرنے میں مدد ملے گی۔‘
سپیکر عادل عبدالرحمان العسومی نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کو عرب پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت اور خطاب کی دعوت بھی دی۔
انہوں نے کہا کہ ’عرب پارلیمنٹ میں خطاب کی یہ دعوت کسی بھی غیر عرب پارلیمانی لیڈر کو پہلی بار دی گئی ہے۔ ‘
صادق سنجرانی نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ ’اس اعزاز کو اپنے لیے بہت بڑی خوش قسمتی سمجھتا ہوں جلد پارلیمانی وفد کے ہمراہ عرب پارلیمنٹ کا دورہ کروں گا۔‘
عرب پارلیمنٹ کے وفد نے سینیٹ میوزیم کا دورہ کیا اور باہمی سمجھوتے کی یاداشت پر دستخط بھی کیے۔
عرب پارلیمنٹ کے سپیکر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔

شیئر: