Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب پارلیمان کے وفد کی صدر پاکستان سے ملاقات، چیئرمین سینیٹ کے عشائیے میں شرکت

عرب پالیمان کا وفد چیئرمین سینیٹ کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر ہے (فوٹو: سینیٹ سیکرٹریٹ)
عرب پارلیمان کے وفد نے سپیکر عادل عبدالرحمان العسومی کی قیادت میں پاکستان کے صدر عارف علوی سے پیر کے روز ملاقات کی ہے۔
ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر عارف علوی نے مسلم ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اسلامو فوبیا کے حوالے سے دنیا کے نظریات کو بدلنے کے لیے مل کر کام کریں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان مشرق وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور باہمی دلچپسی کے تمام شعبوں میں خطے کے ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنا چاہتا ہے۔‘
بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کی پالیسی جیو پولیٹکس سے جیو اقتصادیات کی جانب منتقل ہوگئی ہے اور ہماری نئی پالیسی علاقائی روابط، ترقی کے لیے شراکت داری اور سماجی اور اقتصادی ترقی اور خطے میں امن پر مرکوز ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستان خطے بالخصوص افغانستان میں امن کے فروغ کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔‘
ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’صدر پاکستان نے عرب پارلیمان کو انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں مودی حکومت کی بے حسی پر مبنی پالیسیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔‘
’ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ انڈیا کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی میں ملوث ہے اور شہریت کے قانون کے ذریعے مسلم آبادی کو کم کر رہا ہے۔‘
صدر پاکستان نے کہا ’کہ پاکستان آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا خواہاں ہے۔‘

عرب پارلیمان کے وفد نے پاکستان کے وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی (فوٹو: سینیٹ سیکرٹریٹ)

’پاکستان عرب دنیا کے لیے اہم ملک‘

صدر سے ملاقات میں عرب پارلیمان کے سپیکر عادل عبدالرحمان العسومی کا کہنا تھا کہ ’پاکستان عرب دنیا کے لیے اہم ملک ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’امت مسلمہ کے مقاصد کے حصول کے لیے پاکستان نے تاریخی کردار ادا کیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اسلامی ممالک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اسلامی ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘
انہوں نے پاکستان اور عرب دنیا کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے وفود کے تبادلے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
’عرب پارلیمان کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کرتا ہے۔‘
اس سے قبل عرب پارلیمان کے وفد نے پیر کے روز ہی پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی۔
ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ دو طرفہ تعاون، ادارہ جاتی تعلقات اور پارلیمانی سفارتی کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عرب پارلیمان عرب لیگ کا قانون ساز ادارہ ہے جو 1945 میں قائم ہوا تھا۔ پاکستان کلے دورے پر موجود عرب پارلیمان کے وفد کی قیادت پارلیمان کے سپیکر عادل عبدالرحمان العسومی کر رہے ہیں۔
وفد سینیٹ کے چیئرمین محمد صادق سنجرانی کی دعوت پر پاکستان کے پانچ روزہ دورے پر ہے۔  

چیئرمین سینیٹ نے عرب پارلیمان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا (فوٹو: سینیٹ سیکرٹریٹ)

عرب پارلیمان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے عادل عبدالرحمان العسومی کی سربراہی میں عرب پارلیمان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔
چیئرمین سینیٹ نے عشائیے سے خطاب میں کہا کہ ’پاکستان دنیا اور خصوصاً مسلم ممالک کے ساتھ بین الپارلیمانی روابط کو مزید فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔‘
’عرب پارلیمان  کے ساتھ مضبوط روابط پاکستان اور عرب ممالک کے لیے نہایت اہمیت رکھتے ہیں۔ عرب دنیا کے نمائندے کی حیثیت سے آپ کا یہ دورہ مسلم امہ کے مابین دوستی اور اعتماد کا عکاس ہے، ہم ہمیشہ اپنے مشترکہ تاریخی اور ثقافتی نسب کے پابند رہیں گے۔‘
چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ ’ہمیں متحد ہوکر ان چیلنجز پر قابو پانے کے لیے ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے۔‘

شیئر: