Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فواد چوہدری کی ٹویٹ ’مہنگائی بہت ہے‘ پر سوشل میڈیا صارفین کا غم وغصہ

علی رضا نے لکھا کہ ’جناب آپ کو اس ہیش ٹیگ کو استعمال کرنے سے پہلے سوچنا چاہیے تھا کہ عام آدمی پر کیا بیت رہی ہے (فائل فوٹو: پی آئی ڈی)
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر ایک صارف نے ٹویٹ کی جس کے مطابق جولائی میں ٹویوٹا کمپنی نے ریکارڈ گاڑیاں فروخت کیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اس ٹویٹ پر طنزیہ انداز میں ہیش ٹیگ لکھا کہ ’مہنگائی بہت ہے‘ جس کے بعد زیادہ تر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت ردعمل دیکھنے میں آیا۔
صارف موسیٰ نے ٹویوٹا کمپنی کے ایک اشتہار کو شیئر کیا جس میں لکھا تھا کہ ’ٹویوٹا پاکستان نے جولائی 2021 میں 6775 گاڑیاں فروخت کیں جو 1993 میں کمپنی کے قیام سے لے کر اب تک ایک ماہ میں ہونے والی سب سے بڑی سیل ہے۔‘
ٹوئٹر صارف علی رضا نے لکھا کہ ’جناب آپ کو اس ہیش ٹیگ کو استعمال کرنے سے پہلے ضرور سوچنا چاہیے تھا کہ ایک عام آدمی سے پوچھیں اس پر کیا بیت رہی ہے۔ ہم بھی پارٹی کے ادنیٰ کارکن ہیں اور مڈل کلاس فیملی سے تعلق ہے۔ ہم سنی سنائی بات نہیں ہم پریکٹیکل دیکھ رہے ہیں۔ کوئی شک نہیں مہنگائی بہت ہے غریب بندہ تو رہنے کے لیے چھت نہیں بنا سکتا۔‘
منور ستی نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’برادرم فواد چوہدری صاحب سیمنٹ، سریا، گاڑیوں کی ریکارڈ فروخت، ایکسپورٹ کا بڑھنا یہ سب ظاہر کرتا ہے کہ معیشت کا پہیہ درست سمت میں تیزی سے چل رہا ہے مگر اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ مہنگائی نہیں ہے اور نچلا طبقہ پریشان نہیں ہے کم سے کم انتظامی کمزوریوں پر تو قابو پائیں۔‘
ٹوئٹر صارف وسیم نے لکھا کہ ’اس سے کیا شو ہو رہا ہے کہ غریب بندہ اتنا امیر کر دیا خان نے کہ وہ کار پر کار لیے جا رہا ہے؟ بھائی کار امیر بندے لیتے ہیں، اور اس سے یہ ظاہر ہو رہا ہے کہ امیر، امیر سے امیر تر ہوتے جا رہے ہیں۔ دو وقت کی روٹی تو کھا نہیں پا رہا بے چارہ غریب اور آپ لگے مہنگائی کم دکھانے کے چکر میں۔‘
محمد علی نے لکھا کہ ’ملک میں ہونے والی مہنگائی کو کار کی سیل کے تناسب سے جوڑنا انتہائی شرمناک بات ہے۔ یہ کاروں کی خریداری کے چونچلے امیر لوگوں کے ہوتے ہیں جن کو مہنگائی سے کوئی خاص فرق نہیں پڑتا۔ ایک 30، 40 ہزار ماہانہ آمدنی والا بندہ کیسے کار لے سکتا ہے۔ یہ ٹویٹ جاہلانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔‘

شیئر: