Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عاصم باجوہ کی جگہ خالد منصور سی پیک اُمور کے نگران مقرر

اسد عمر نے بتایا کہ وزیراعظم نے خالد منصور کو سی پیک کا نیا چیئرمین لگانے کی منظوری دی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے عاصم باجوہ کی جگہ خالد منصور کو پاک چین اکنامک کوریڈور (سی پیک) اتھارٹی کا چیئرمین لگانے کی منظوری دی ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے عاصم باجوہ کی سی پیک کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے خالد منصور کے تقرر کا خیرمقدم کیا ہے۔
منگل کو عاصم سلیم باجوہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں اللہ کے سامنے اپنا سر جھکاتا ہوں جس نے مجھے سی پیک اتھارٹی جیسے اہم ادارے کو آگے بڑھانے کا موقع دیا۔ یہ وزیراعظم اور ان کی حکومت کے اعتماد اور حمایت کے بغیر ممکن نہ تھا۔‘
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا ایک ٹویٹ میں کہنا تھا کہ ’میں عاصم سلیم باجوہ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے سی پیک کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی مستقل مزاجی اور لگاؤ سے بہت فائدہ ہوا۔‘
اسد عمر نے بتایا کہ وزیراعظم نے خالد منصور کو سی پیک کا نیا چیئرمین لگانے کی منظوری دی ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ’میں خالد منصور کو سی پیک کے لیے وزیراعظم کا خصوصی معاون بننے پر ٹیم میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ ان کا چینی کمپنیوں کے ساتھ کام کرنے کا وسیع تجربہ ہے اور ان کا سی پیک کے بڑے پراجیکٹس میں براہ راست شامل ہونا انہیں سی پیک کے اگلے فیز کے لیے ایک موزوں ترین شخص بناتا ہے۔‘ 

سی پیک اتھارٹی کے نئے چیئرمین خالد منصور کون ہیں؟

پاکستان میں سی پیک اتھارٹی کے نئے چیئرمین خالد منصور سنہ 2013 میں حب پاور کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو بنے۔ 

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے خالد منصور کے تقرر کا خیرمقدم کیا ہے۔ فائل فوٹو: اے پی پی

انہوں نے کیمیکل انجینیئرنگ میں آنرز کر رکھا ہے۔ خالد منصور کا انرجی اور پٹروکیمیکل کے سیکٹر میں 32 سال کام کا تجربہ ہے جس میں انہوں نے پراجیکٹ ڈیویلپمنٹ، ایگزیکیوشن، مینجمنٹ اور آپریشنز میں اہم کردار ادا کیا۔
خالد منصور اس سے قبل الجیریا، عمان فرٹیلائزر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو بھی رہ چکے ہیں۔ اس سے پہلے وہ اینگرو فرٹیلائزرز۔ اینگرو پاورجن قادر پور لیمیٹد، اینگرو پاورجن لیمیٹڈ اور سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے صدر اور چیف ایگزیکٹو کے عہدے پر بھی فائز رہے۔
خالد منصور نے اینگرو اور ایسو کیمیکلز کینیڈا کے لیے بہت اہم کام کیے۔ وہ اینگرو کارپوریشن، اینگرو فرٹیلائزرز لیمیٹڈ، اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز لیمیٹڈ، اینگرو پاورجن قادر پور لیمیٹڈ، اینگرو پاورجن لیمیٹڈ اور سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے بورڈز آف ڈائریکٹرز کا بھی حصہ رہے۔

شیئر: