Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سفری پابندیوں میں نرمی، دبئی ایئرپورٹ پر مسافروں کی آمد میں اضافے کا امکان

سنہ 2019 میں کورونا کی وبا سے قبل دبئی ایئرپورٹ کے ذریعے آٹھ کروڑ 64 لاکھ مسافروں نے سفر کیا۔ فائل فوٹو: روئٹرز
متحدہ عرب امارات کی جانب سے افریقی و ایشیائی ملکوں پر عائد سفری پابندیوں میں نرمی کے بعد دبئی میں حکام کو آنے والے ہفتوں میں ایئرپورٹ پر مسافروں کی ٹریفک میں اضافے کی امید ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق بین الاقوامی سفر کے بڑے مرکز سمجھے جانے والے متحدہ عرب امارات نے پانچ اگست سے انڈیا سمیت 12 ملکوں سے مسافروں کے ٹرانزٹ سفر پر عائد پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات رواں ہفتے پاکستان، نیپال، سری لنکا، انڈیا، نائجیریا اور یوگنڈا کا سفر کرنے والوں پر عائد پابندی بھی اٹھائے گا۔ یہ پابندی ان مسافروں سے ہٹائی جا رہی ہے جن کے پاس امارات کا اقامہ ہے اور جنہوں نے یو اے ای کی جانب سے منظور کردہ ویکسین لگوائی ہو۔
دبئی ایئرپورٹ کے چیف ایگزیکٹیو پال گریفتھس نے کہا ہے کہ دبئی انٹرنیشنل پابندیوں میں نرمی کے بعد آنے والے ہفتوں میں مسافروں کی تعداد میں اضافے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔
دبئی ایئرپورٹ دنیا کے مصروف ترین ایئرپورٹس میں سے ایک ہے جہاں مسافروں کی بڑی تعداد انڈیا سے سفر کرتی ہے اور امارات کی قومی ایئرلائن کا مرکز ہے۔
پال گریفتھس کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا اور نائجیریا سے امارات آنے والے مسافروں پر عائد پابندی میں نرمی سے یو اے ای کا اقامہ رکھنے والے ہزاروں افراد واپس آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ سماجی اور معاشی دونوں لحاظ سے ایک بڑی اور اچھی پیش رفت ہے۔‘
ایسے مسافر جو متحدہ عرب امارات کا سفر کریں گے یا جو یو اے ای کے ایئرپورٹس کو ٹرانزٹ کے طور پر استعمال کریں گے ان کے لیے کورونا کے ٹیسٹ کی منفی رپورٹ ساتھ لانا لازمی ہے۔
دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹریفک میں رواں سال آٹھ فیصد اضافے کی توقع ہے جو دو کروڑ 80 لاکھ تک مسافروں تک پہنچ جائے گی۔
سنہ 2019 میں کورونا کی وبا سے قبل دبئی ایئرپورٹ کے ذریعے آٹھ کروڑ 64 لاکھ مسافروں نے سفر کیا۔

شیئر: