Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’واحد فرق یہ ہے کہ نائجیریا کے پاس فیصل واؤڈا نہیں‘

سینیٹر فیصل واؤڈا کہتے ہیں کہ شاید نوازشریف اب کسی’چھوٹے موٹے نائجیریا ٹائپ‘ ملک چلے جائیں۔(فوٹو، اے پی پی)
برطانوی محکمہ داخلہ نے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے ویزے میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی ہے اور اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل واؤڈا کہتے ہیں کہ شاید سابق وزیراعظم اب کسی ’چھوٹے موٹے نائجیریا ٹائپ‘ ملک چلے جائیں۔
فیصل واؤڈا جو کہ اپنے مخصوص انداز کی وجہ سے میڈیا اور سوشل میڈیا پر موضوع گفتگو بنے رہتے ہیں، پاکستانی چینل اے آر وائی نیوز پر نواز شریف کے بارے میں کہتے ہوئے نظر آئے کہ ’ابھی کچھ پتہ نہیں نائجیریا وائجیریا شاید امپورٹ ہوجائے، یہاں سے کسی اور جگہ پر چلا جائے۔‘
اینکر پرسن کاشف عباسی نے ان سے سوال کیا کہ سابق وزیراعظم کا پاسپورٹ تو ایکسپائر ہوچکا ہے، ایسی صورت میں وہ کیسے برطانیہ چھوڑ کر کسی اور ملک جا سکتے ہیں؟
اس کے جواب میں فیصل واؤڈا پھر نائجیریا کا حوالہ دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’ٹریول پرمٹ بن جاتا ہے سر، چھوٹے چھوٹے ملکوں میں، نائجیریا ٹائپ ملکوں کے اندر، میں مثال دے رہا ہوں۔‘
واضح رہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم نوازشریف کو نومبر 2019 میں ایک پاکستانی عدالت نے علاج کی خاطر چار ہفتوں کے لیے برطانیہ جانے کی اجازت دی تھی لیکن اب تک ان کی واپسی ممکن نہیں ہوسکی ہے اور ان کا پاسپورٹ بھی ایکسپائر ہوچکا ہے۔
فیصل واؤڈا کے بیان پر سوشل میڈیا خصوصاً ٹوئٹر پر بھی لوگ اپنے تاثرات کا اظہار کررہے ہیں۔
بوفے خور نامی ایک صارف کہتے ہیں کہ ’فیصل واڈا نے ٹی وی نائجیریا کو چھوٹا غریب سا ملک کہہ کر پکارا۔ ذرا سوچیں کہ دفتر خارجہ کو کتنی شرمندگی اٹھانی پڑے گی اگر کل نائجیریا کے سفیر اس بیان پر اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہیں۔‘

ایک اور ٹوئٹر صارف انس ٹیپو فیصل واؤڈا پر طنز کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’پاکستان اور نائجیریا میں واحد فرق صرف یہ ہے کہ نائجیریا کے پاس فیصل واؤڈا نہیں۔‘

افشاں معصب نامی ٹوئٹر صارف نے فیصل واؤڈا کے بیان کو بنیاد بناتے ہوئے لوگوں کو یہ یاد دلانا ضروری سمجھا کہ ان کے لیڈر وزیراعظم عمران خان نے بھی پاکستان سپرلیگ کھیلنے والے غیرملکی کرکٹرز کو ’ریلو کٹے‘ کہہ کر شہرت کمائی تھی۔
امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے بھی اپنی ایک ٹوئیٹ میں لکھا کہ نائجیریا کی معیشت پاکستان کے مقابلے میں آگے ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ’خیال رہے کہ پاکستان کی قومی پیداوار 278 ارب ڈالر اور نائجیریا کی قومی پیداوار (جی ڈی پی) 448 ارب ڈالر ہے۔ نائجیریا کی فی کس آمدنی 2229 اور پاکستان کی فی کس آمدنی 1284 ہے۔‘

ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ فیصل واؤڈا سوشل میڈیا پر ہدف تنقید بنے ہوں۔ اس سے قبل وہ اے آر وائے نیوز ہی کے ایک پروگرام میں فوجی جوتا لے آئے تھے اور 2018 میں کراچی میں چائنیز قونصلیٹ پر حملے کے دوران پستول لے کر وہ مسلح افراد کا مقابلہ کرنے پہنچ گئے تھے۔

شیئر: