Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اسی سارے ای بڑے گندے آں‘: وسیم اکرم کی کراچی والوں سے معافی

وسیم اکرم آج کل کے پی ایل کے سلسلے میں پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے شہر مظفر آباد میں موجود ہیں (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کراچی کے لوگوں سے معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سمجھتے تھے کہ صرف صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ہی گندگی ہے لیکن دریائے نیلم کے کنارے کھڑے ہو کر پتہ چلتا ہے کہ ’اسی سارے ہی بڑے گندے ہیں۔‘
دنیائے کرکٹ میں سوئنگ کے سلطان کہلائے جانے والے وسیم اکرم نے ٹوئٹر پر جاری ایک ویڈیو میں کہا کہ ’میری اپالوجی بنتی ہے کراچی والوں سے کہ جو میں کہتا رہا ہوں، میں سمجھ رہا تھا کہ ہم صرف کراچی والے ہی زیادہ صفائی کا خیال نہیں رکھتے۔‘
انہوں نے کراچی والوں کو مخاطب کرکے کہا ’لیکن غلطی ہوگئی ہے، آئی ایم سوری اسی سارے ہی بڑے گندے ہیں۔‘
ویڈیو کے اختتام پر وسیم اکرم اپنے پیچھے اشارہ کرتے ہوئے بتاتے ہیں کہ وہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں دریائے نیلم کے کنارے کھڑے ہیں اور یہاں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ وسیم اکرم صفائی کے ایشو  پر اکثر ویڈیو پیغامات جاری کرتے رہتے ہیں۔
اس سے قبل اکتوبر 2020 میں انہوں نے کراچی کے سمندر سے بھی ایسی ہی ویڈیو جاری کی تھی جس میں وہ کہتے ہوئے نظر آئے تھے کہ انہوں نے اپنی بیوی کو سی ویو لا کر غلطی کردی۔
ویڈیو میں ان کے پیچھے کچرے کے انبار بھی دیکھے جا سکتے تھے۔
پاکستانی اور غیرملکی کرکٹ سٹارز اس وقت پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے شہر مظفرآباد میں موجود ہیں، جہاں کشمیر پریمیئر لیگ کھیلی جا رہی ہے۔ وسیم اکرم اس کرکٹ لیگ کے نائب صدر کی حیثیت سے وہاں موجود ہیں۔
اس لیگ کا آغاز چھ اگست سے ہوچکا ہے اور یہ 17 اگست تک جاری رہے گی۔ کے پی ایل میں چھ ٹیمیں مدمقابل ہیں اور مجموعی طور پر 18 میچز کھیلے جائیں گے۔ 

شیئر: