Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موسمیاتی تبدیلی پر اقوام متحدہ کی رپورٹ دنیا کے لیے ’ویک اپ کال‘

سائنسدانوں نے تنبیہ کی ہے کہ فضا میں گرین ہاؤس گیسز کی مقدار پہلے ہی بہت زیادہ ہے (فوٹو: روئٹرز)
اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی کے پینل نے خبردار کیا ہے کہ دنیا خطرناک حد تک گلوبل وارمنگ کے قریب ہے اور اس کی واضح طور پر ذمہ داری انسانوں پر عائد ہوتی ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق انٹر گورنمنٹل پینل آن کلائمیٹ چینج (آئی پی سی سی) کے سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ فضا میں گرین ہاؤس گیسز کی مقدار پہلے ہی بہت زیادہ ہے جو کئی دہائیوں سے موسمیاتی مسائل کی وجہ بن رہی ہے۔
’کوڈ ریڈ فار ہیومینیٹی‘ کے عنوان سے رپورٹ میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے زور دیا ہے کہ کوئلے اور آلودگی پھیلانے والے دیگر حیاتیاتی ایندھن کا استعمال روک دیا جائے۔
گوتریس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’خطرے کی گھنٹیاں بج رہی ہیں، اس سے پہلے کہ کوئلہ اور حیاتیاتی ایندھن ہمارے سیارے کو تباہ کر دیں اس رپورٹ پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔‘
آئی پی سی سی کی رپورٹ اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے بلائی گئی اس کانفرنس سے تین مہینے پہلے سامنے آئی ہے جو سکاٹ لینڈ میں منعقد ہو گی۔
رپورٹ کے مطابق آئندہ 20 سالوں میں گلوبل درجہ حرارت 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھنے کا امکان ہے۔
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن جن کا ملک کلائمیٹ کانفرنس کی میزبانی کرے گا، کا کہنا ہے کہ اگلی دہائی ہمارے سیارے کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے بہت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’میرا خیال ہے کہ آج کی آئی پی سی سی رپورٹ دنیا کے لیے ایک ’ویک اپ کال‘ ثابت ہوگی تاکہ نومبر میں گلاسگو میں کائمیٹ کانفرنس میں ملنے سے پہلے اقدامات کیے جائیں۔‘

شیئر: