Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمان: پاسپورٹ گمشدگی کی صورت میں پولیس رپورٹ کی شرط ختم

مشرق وسطیٰ کے ممالک میں پاکستان کے شہری مزدوری کے لیے جاتے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی حکومت نے عمان میں مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے پاسپورٹ کی گمشدگی کی صورت میں متبادل پاسپورٹ کے اجرا کے لیے پولیس رپورٹ کی شرط ختم کر دی ہے۔
سفارت خانے کے حکام نے اردو نیوز کو بتایا ہے کہ عمان میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد کو پاسپورٹ گمشدگی کی صورت میں پولیس رپورٹ میں مشکلات کا سامنا تھا۔ اس حوالے سے حکومت کو اقدامات تجویز کیے گئے تھے جس کے بعد یہ شرط ختم کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ’اب اگر کسی پاکستانی کا پاسپورٹ گم ہو جائے تو وہ سفارت خانے کے نام ایک سادہ کاغذ پر درخواست دے کر دیگر ضروری دستاویزات لف کر سکتے ہیں۔ ان دستاویزات کی بنیاد پر پاکستانی شہریوں کو نیا پاسپورٹ جاری کر دیا جائے گا۔‘
سفارت خانے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن عزیز کا گراں قدر اثاثہ ہیں۔ ان کو تمام قونصلر خدمات کی فراہمی سفارت خانے کا اولین نصب العین ہے۔ اس کے علاوہ بھی پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔‘
اس حوالے سے پاکستان میں پاسپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ سے متعلق کسی بھی ملک میں مقیم پاکستانیوں کو جو مشکلات درپیش ہوں سفارت خانے ان مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے پالیسی میں تبدیلیاں تجویر کرتے ہیں۔
عمان میں پاکستانی سفارت خانے نے بتایا تھا کہ پاسپورٹ گمشدگی کے لیے پولیس رپورٹ میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد کو پریشانی کا سامنا ہے۔ اس لیے پالیسی ونگ نے سفارت خانے کی تجویز پر پولیس رپورٹ کی شرط ختم کر دی ہے۔

حکام کے مطابق عمان میں مقیم پاکستانیوں کو پاسپورٹ گمشدگی کی صورت میں پولیس رپورٹ میں مشکلات کا سامنا تھا۔ (فوٹو: پکسلز)

ایک سوال کے جواب میں حکام نے بتایا کہ کچھ دیگر ممالک میں بھی پولیس رپورٹ کی شرط ختم کرنے کی تجاویز آئی ہیں جن پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے بھی کچھ ممالک میں پاسپورٹ کے حوالے سے ریلیف کے اقدامات تجویز ہوئے جن پر عملدرآمد کیا گیا۔
حکام کے مطابق اس سے قبل سعودی عرب میں پاسپورٹ گمشدگی کے لیے اخبار میں اشتہار شائع کروانے کی پابندی تھی۔ 2019 میں حکومت پاکستان نے پاکستانیوں کی سہولت کے لیے اس شرط کو ختم کر دیا تھا۔
اس کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کا دیرینہ مطالبہ مانتے ہوئے پاسپورٹ کی معیاد دس سال کر دی گئی تھی۔ جس سے پاسپورٹ کی تجدید کرانے والوں کی تعداد میں کمی آتی گئی اور اب سفارت خانوں میں رش تقریباً ختم ہو گیا ہے۔

شیئر: