Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’برابر میڈیا کوریج دی جائے،‘ ڈرگ مافیا کی ٹی وی اینکر کو قتل کی دھمکی

صدارتی ترجمان نے کہا ہے کہ ’حکومت صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرے گی‘ (فوٹو: سکرین شاٹ)
میکسیکو میں طاقتور ڈرگ مافیا نے ایک غیر معمولی اقدام میں ٹی وی کی نیوز اینکر کو قتل کرنے کی دھمکی دی ہے۔
امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پھیلائی گئی ایک ویڈیو میں اپنے چہروں کو چھپائے افراد بھاری اسلحہ اٹھائے ایک شخص کے گرد کھڑے ہیں جو ایک کرسی پر بیٹھا پیغام پڑھ رہا ہے۔
ویڈیو میں وہ شخص دعویٰ کر رہا ہے کہ پیغام روبن اوسگیورا سروانتز المعروف ’اِل منچو‘ کی طرف سے ہے جو ڈرگ مافیا کے بڑے کارٹل جالسکو نیو جنریشن کے لیڈر ہیں۔
اے پی کے مطابق یہ بات واضح نہیں ہے کہ پیغام پڑھنے والا خود روبن اوسگیورا ہے۔
پیغام میں ملک کے ایک بڑے ٹی وی چینل میلینیو سے شکایت کی جا رہی ہے کہ وہ میچواکان ریاست میں جالسکو کارٹل کے خلاف لڑنے والے گروپ کی حمایت کررہا ہے۔
اسلحہ بردار مافیا کی ویڈیو میں ٹی وی چینل کی خاتون اینکر میلینو اورستی کا نام لے کر کہا جا رہا ہے کہ ان کو قتل کر کے اپنے ہی کہے الفاظ چبانے پر مجبور کیا جائے گا۔
ویڈیو میں پیغام پڑھنے والے شخص الزام عائد کر رہا ہے کہ ان کے خلاف لڑنے والا گروپ دراصل ڈرگ ٹریفکنگ میں ملوث ہے جن کے پاس ایسا اسلحہ ہے جو صرف فوج کے زیراستعمال ہے۔
ویڈیو پیغام میں ریاست میچواکان میں ایک دہائی قبل سیلف ڈیفنس فورس قائم کرنے والے ہیپولیٹو مورا کا نام بھی لیا گیا۔
ویڈیو میں خود کو جالسکو گروپ کا نمائندہ ظاہر کرنے والا شخص کہتا ہے کہ ’ان کے پیغام کا مقصد اظہار رائے کی آزادی کو سلب کرنا نہیں بلکہ برابری کی بنیاد پر میڈیا کوریج کو یقینی بنانا ہے۔‘
میلینیو ٹی وی چینل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’وہ اپنی صحافی کے ساتھ کھڑا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی فوری تحقیقات کرتے ہوئے میلینو اورستی کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔‘
چینل انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’انہوں نے کبھی کسی گروپ کی حمایت نہیں کی۔‘
صدارتی ترجمان جیسس رامریز کیواس نے کہا ہے کہ ’حکومت صحافیوں اور ذرائع ابلاغ کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔‘

شیئر: