انڈین ریاست ہماچل پردیش میں گدھی کا دودھ سات ہزار روپے فی لیٹر کیوں خریدا جا رہا ہے؟
انڈین ریاست ہماچل پردیش میں گدھی کا دودھ سات ہزار روپے فی لیٹر کیوں خریدا جا رہا ہے؟
ہفتہ 21 نومبر 2026 7:11
انڈین ریاست ہماچل پردیش کے ضلع بلاس پور میں گدھیوں کا پہلا فارم قائم کر دیا گیا ہے (فوٹو: انسٹاگرام)
انڈین ریاست ہماچل پردیش کے ضلع بلاس پور میں گدھیوں کا پہلا فارم قائم کر دیا گیا ہے۔ سنجیو سنگھ ٹھاکر کی ملکیت میں قائم ڈیریکا فارمز نے ابتدا میں 12 گدھیاں رکھی ہیں، جن کی تعداد بڑھا کر 25 کرنے کا منصوبہ ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق فارم کا مقصد گدھی کا دودھ 7 ہزار روپے فی لیٹر فروخت کرنا ہے۔ اِس دودھ کی فراہمی اُن انڈین اور بین الاقوامی کمپنیوں کو کی جائے گی جو جِلد کی نگہداشت، خوب صورتی اور صحت سے متعلق مصنوعات تیار کرتی ہیں۔
اِس نئے فارم کا باقاعدہ افتتاح تکنیکی تعلیم کے وزیر راجیش دھرمائی نے گاؤں کنڈروڑ میں منعقدہ ڈیری کانکلیو 2026 کے موقع پر کیا۔ توقع ہے کہ اِس منصوبے سے مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور کسانوں کو آمدنی کے متبادل ذرائع تلاش کرنے کی ترغیب ملے گی۔
گدھی کا دودھ تقریباً 5 سے 7 ہزار روپے فی لیٹر فروخت ہونے کی توقع ہے، جب کہ اِس کی خشک شکل یعنی پاؤڈر کی قیمت ِاس سے بھی زیادہ ہے۔ ایک کلو گدھی کے دودھ کا پاؤڈر 20 ہزار سے 80 ہزار روپے تک میں فروخت ہوتا ہے۔ اِس کی حتمی قیمت کا تعین پاؤڈر کے معیار کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔
سی ایس آر جرنل کی ایک رپورٹ کے مطابق ڈیریکا فارمز پہلے ہی دودھ کی پیداوار، اسے جمع کرنے اور فروخت کرنے کا کاروبار کر رہا ہے۔
ادارے کی شریک بانی سیرت تور نے کہا کہ ’اِس کاروبار کا خیال انہیں اس وقت آیا جب اُنہوں نے انڈیا میں گدھوں کی تعداد میں مسلسل کمی دیکھی۔ انہوں نے اِس کے بعد سپیتی نسل کے گدھوں کی افزائش پر توجہ دینے کا فیصلہ کیا، جو ہماچل پردیش میں پائے جاتے ہیں۔‘
سنجیو سنگھ ٹھاکر نے کہا کہ اُن کی کمپنی اِس وقت روزانہ 2 ہزار 700 لیٹر سے زیادہ دودھ جمع کرتی ہے۔ اپنے فارم کے علاوہ ٹھاکر اور سیرت تور نے قریبی علاقوں میں مویشی پالنے والے افراد کے ساتھ بھی اشتراک کر رکھا ہے۔
ایک کلو گدھی کے دودھ کا پاؤڈر 20 ہزار سے 80 ہزار روپے تک میں فروخت ہوتا ہے (فوٹو: انسٹاگرام)
انڈیا کی وزارتِ ماہی پروری، مویشی بانی اور ڈیری کی جانب سے جاری کردہ ایک سابقہ پریس ریلیز کے مطابق جانوروں کی افزائش کے فارمز قائم کرنے کے خواہش مند افراد کو بھیڑ، بکری، سور، اونٹ، گھوڑے اور گدھے جیسے جانوروں کے فارمز کے قیام کے لیے 50 لاکھ روپے تک کی سبسڈی دی جا سکتی ہے۔
انڈین حکومت اب تک 2 ہزار 672 کروڑ 65 لاکھ روپے مالیت کے 3 ہزار 843 منصوبوں کی منظوری دے چکی ہے۔ اِن منصوبوں کے لیے منظور شدہ سبسڈی کی مجموعی رقم ایک ہزار 233 کروڑ 69 لاکھ روپے ہے۔ منظور شدہ منصوبوں میں سے 2 ہزار 14 منصوبوں کو سبسڈی کی پہلی قسط بھی جاری کی جا چکی ہے، جس کی مجموعی مالیت 354 کروڑ 6 لاکھ روپے ہے۔